ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی سری لنکا کے خلاف فتح
13 اگست 2009کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کا پہلا دھچکا کھیل کی پہلی بال پر ہی لگا جب کامران اکمل بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھر سکے اور 35 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ عمران نذیر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا وہ 40 رنز بنا کر تھیلان تھوشارا کا شکار بنے۔ شاہد آفریدی نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا۔ عمر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاہد آفریدی نے پچاس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، عبدالرزاق نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سےتھوشارا نے دو جب کہ مرلی دھرن، ملینگا اورکولاسیکرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔
پاکستان کے 172 رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی اور 120 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ کمارا سنگاکارا 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سعید اجمل اور رانا نوید الحسن نے تین تین جبکہ افتخار انجم، شاہد آفریدی اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلی بار پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے شاہد آفریدی کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی تھی اور اس مقابلے میں بھی شاہدآفریدی بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عدنان اسحاق