ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ: پاکستان فائنل میں
19 جون 2009پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے چونتیس گیندوں پر اکاون رنز بنائے اور دوسری اننگز میں چار اوورز کرا کے سولہ رنز کے عوض دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
اتوار کے روز پاکستانی ٹیم لارڈز کے میدان پر فائنل کھیلے گی جس میں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم، سری لنکا یا ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل آج جمعہ کے روز کھیلا جا رہا ہے۔
سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بیس اوورز میں ایک سو انچاس رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچ وکٹیں گنوا کر ایک سو بیالیس رنز بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ژاک کیلس نے چوّن گیندوں پر چونسٹھ رنز بنائے تاہم شاہد آفریدی کی بولنگ نے میچ کا پانسا پلٹ دیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان فائنل جیت کر ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ اپنے نام کرلے گا۔ انہوں نے شاہد آفریدی کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ آفریدی میچ جتانے والے کھلاڑیوں میں سے ہیں۔
یونس خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم کبھی بھی ٹورنامنٹ میں فیورٹ نہیں ہوتی تاہم وہ بتدریج بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے اور خاص طور پر بڑے میچوں میں اس کی کارکردگی اچھی ہوتی ہے۔
میچ کے بعد شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے فائنل تک پہنچنے کا واحد موقع تھا اور وہ بے حد خوش ہیں کہ پاکستان فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کپتان یونس خان سے درخواست کی تھی کہ ان کو تیسرے نمبر پر یا بطور اوپنر کھلایا جائے اور یونس خان نے ان کو تیسرے نمبر پر کھلایا۔
جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے میچ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کو عمدہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی ہار پاکستان کی عمدہ کارکردگی کے باعث ہوئی ہے۔