1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیسٹ سیریز: آسڑیلیا نے پاکستان کو تین صفرسے ہرا دیا

18 جنوری 2010

آسٹریلیا نے ہوبارٹ میں منعقدہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 231 رنز سے ہرا دیا۔ اِس طرح آسٹریلیا تین میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LYPF
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگتصویر: AP

پاکستانی ٹیم، جسے میچ جیتنے کے لئے چار سو اڑتیس رنز کا ہدف ملا تھا، میچ کے پانچویں اور آخری روز 206 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ خرم منظور نے، جو پہلی اننگز میں بغیر کوئی اسکور بنائے آؤٹ ہو گئے تھے، دوسری اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی رہے۔ اُنہوں نے دو سو اُنتالیس گیندوں کا سامنا کیا اور 77 قیمتی رنز بنائے۔ خرم منظور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لئے آئے تھے۔

خرم منظور اور محمد عامر نے ساتویں وکٹ کی پارٹنرشپ میں چھیاسٹھ رنز بنائے۔ تاہم اِس پارٹنرشپ کے خاتمے کے بعد باقی ماندہ وکٹیں آسٹریلوی بولرز کے لئے اور بھی آسان ثابت ہوئیں۔ عمر گل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ دانش کنیریا ایک رَن بنا پائے۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی محض پانچ رنز بنا سکے۔ محمد عامر آخر تک کریز پر موجود تھے اور چار چوکوں کی مدد سے تیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پانچویں روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو شعیب ملک اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں محض ایک رن کا اضافہ کرتے ہوئے اُنیس کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کے لئے یہ کلیدی کامیابی تھی۔ یہ وکٹ آسٹریلوی بولر پیٹر سِڈل نے حاصل کی، جنہوں نے پچس رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلوی بولر نیتھن ہیرٹس نے بھی تیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 519 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ دوسری اننگز میں بھی آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنا کر کھیل ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 301 رنز بنائے تھے۔

ہوبارٹ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو مسلسل بارہویں ٹیسٹ میچ میں پاکستان پر فتح حاصل ہوئی ہے۔ آئندہ جمعے سے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان وَن ڈے میچوں کی سیریز شروع ہو رہی ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر