ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا
13 مئی 2010اس میچ میں ٹاس سری لنکا کے قائد کمارا سنگا کارا نے جیتا تھا۔ 128 کے مجموعے تک پہنچنے میں نمایاں کردار دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز نے نبھایا۔ میتھیوز نے 45 گیندوں کا سامنا کیا، تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز اپنے جوہر نہ دکھا سکا کہ ٹیم کا مجموعی سکور قابل دفاع حد تک بڑھاسکے۔
سری لنکن ٹیم نے اگرچہ محض چھ وکٹیں گنوائیں لیکن اصل مشکل انہیں کم سٹرائیک ریٹ کی وجہ سے پیش آئی۔ سرفہرست انگلش گیند باز سٹیوورٹ بروڈ رہے، جنہوں نے چار اوورز میں 21 رنز دئے اور دو کھلاڑی آوٹ کئے۔
جواباً انگلینڈ نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو قسمت اور سری لنکن فیلڈر دونوں ہی ان پر مہربان دکھائی دئے۔ سری لنکن کھلاڑیوں نے کیچ بھی ڈراپ کئے اور یقینی رن آؤٹ کے مواقع بھی گنوائے۔
انگلینڈ کے سلامی بلے بازوں نے 68 رنز کا آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔ بعد میں کھیلنے والے کیون پیٹرسن نے شاندار سٹروکس کھیل کر سولہ اوور میں معاملہ نمٹادیا۔ پیٹرسن 26 گیندوں پر 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پریرا نے دو اوورز میں 19 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سٹیوورٹ بروڈ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعے کو پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم اتوار کو انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عاطف توقیر