پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز
15 مئی 2011پاکستان نے اپنی اننگز میں تین وکٹیں شروع ہی میں گنوا دی تھیں۔ ایک موقع پر پاکستان کے تین کھلاڑی محض دو رنز پر پویلیئن کا رخ کر چکے تھے۔ تاہم وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستان نے جم کر کھیلنا شروع کیا اور تیسرے دن کے ختم ہونے تک اسی رنز بنا لیے۔ پہلے ٹیسٹ میں فتح کے لیے پاکستان کو اب ایک سو انتالیس رنز درکار ہیں۔ تیسرے روز کے اختتام پر اسد شفیق چالیس اور مصباح الحق چونتیس رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ایک سو باون رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کو اتنے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کا سہرا آف اسپنر سعید اجمل کو جاتا ہے۔ اجمل نے اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں اور یوں ان کی میچ میں وکٹوں کی مجموعی تعداد گیارہ ہوگئی ہے۔
ویسٹ انڈیز کا یہ اسکور اور بھی کم ہوتا اگر بشو اور چندرپال دسویں وکٹ کی شراکت میں اڑتالیس رنز نہ اسکور کرتے۔
دو ٹیسٹ کی اس سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی فتح کے امکانات خاصے روشن ہو گئے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز پاکستان کے نام رہی تھی۔
عالمی کپ میں اچھی کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عصمت جبیں