پاکستان متاثرین مسیحیوں کو فی کس دو ملین روپے ادا کرے گا
21 اگست 2023پاکستان کے مشرقی شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں گزشتہ بدھ کے روز قرآن کی مبینہ بے حرمتی کی افواہیں پھیلنے کے بعد سینکڑوں مسلمانوں نے ایک مسیحی بستی پر حملہ کر دیا تھا۔ وہاں نہ صرف توڑ پھوڑ کی گئی بلکہ گرجا گھروں کو بھی جلا دیا گیا تھا۔
پیر کو پولیس حکام نے بتایا کہ مشتعل مسلمانوں نے کم از کم 16 کلیساؤں کو نذر آتش کیا اور مسیحیوں کے بہت سے گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور انہیں شدید نقصان پہنچایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اُس نے مزید درجنوں حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے اور اس طرح حالیہ فسادات میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد 160 تک پہنچ چُکی ہے۔
صوبہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر ایک پیغام میں یہ اعلان کیا کہ مسیحی برادری کے گھروں اور چرچوں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت 100 سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مسیحیوں کو فی کس دو ملین روپے کا معاوضہ ادا کرے گی۔ محسن نقوی نے یہ پیغام جڑانوالہ کے اپنے دورے کے ایک روز بعد دیا۔
گزشتہ روز محسن نقوی نے جڑانوالہ میں خاکستر ہوئے ایک چرچ میں کابینہ کی میٹنگ بلائی اور اس کے شرکاء میں موجود پادریوں اور مقامی رہائشیوں کی موجودگی میں گزشتہ ہفتے کے تشدد کے متاثرین کے لیے معاوضے کی منظوری کے بارے میں بات کی۔
دریں اثناء سینکڑوں خوفزدہمسیحی ، جو اپنے گھروں سے بھاگ گئے تھے، اب واپس اپنے علاقوں کی طرف لوٹے ہیں، جہاں انہیں چاروں طرف تباہی کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وہ اپنے گھروں سے باہر رہ رہے ہیں کیونکہ ان کے جلے ہوئے گھروں کے ڈھانچے گرنے کا خدشہ ہے۔
پادری خالد مختار نے بیان دیتے ہوئے کہا،''وہ اپنی حفاظت کے لیے پریشان ہیں، وہ اپنے لیے اور اپنے بچوں، جنہوں نے اس سانحے کو دیکھا ہے اور جو شدید صدمے کا شکار ہیں، کے لیے بہت فکر مند ہیں۔‘‘ پادری خالد مختار نے مزید کہا کہ اُن کی معلومات کے مطابق تمام جڑانوالہ میں 26 گرجا گھروں پر حملہ کیا گیا، جلایا گیا یا انہیں جزوی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے سربراہ منصور صادق نے کہا کہ انہوں نے 160 فسادیوں کو گرفتار کیا ہے اور مزید 450 مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق بدھ کے تشدد میں مسیحیوں کے ایک قبرستان کی بھی بے حرمتی کی گئی تھی۔
پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان تمام عیسائیوں کو، جنہیں ان حملوں سے مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، اگلے 48 گھنٹوں میں فی کس دو ملین روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے گرجا گھروں کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے اور یہ کہ تمام تباہ شدہ مذہبی مقامات اپنی اصلی حالت میں بحال ہو جائیں گے۔
تاہم پادری خالد مختار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے اتوار کو صرف ایک تباہ شدہ چرچ کا دورہ کیا اور وہ مسیحیوں کے گھروں میں بھی نہیں گئے۔
انہوں نے محسن نقوی کے اس دعوے کو چیلنج کیا کہ تمام گرجا گھروں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پادری کے بقول دو گرجا گھروں کی صرف دیواریں رنگ کی گئی ہیں جبکہ ان عمارتوں کی تعمیرنو کرنے کی ضرورت ہے۔
ک م/ اا (اے پی)