1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے سری لنکا کو پانچویں ایک روزہ میچ میں ہرا دیا

24 نومبر 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو پر مکمل کر لی ہے۔ پہلے ٹیسٹ سیریز کو جیتا اور بعد میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک میچ ہارا اور بقیہ چار میں شاندار کامیابی حاصل کی۔

https://p.dw.com/p/13GDX
شاہد آفریدیتصویر: AP

متحدہ عرب امارات میں شامل ریاست ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں سری لنکا کی ٹیم کے کپتان  تلک رتنے دلشان نے  ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ کوئی زیادہ  کامیاب  نہ رہا۔ آسمان پر مطلع ابر آلود تھا اور ایسے میں سہیل تنویر اور عمر گل نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکن ٹیم کے ابتدائی چار کھلاڑی صرف 46 کے اسکور پر آؤٹ کر دیے گئے۔ بعد میں کمار سنگا کارا اور اینجلو میتھیوز کے درمیان 118 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ سنگاکارا 78  اور میتھیوز 61 رنز بنا سکے۔ مجموعی طور پر سری لنکن ٹیم پچاس اوورز میں صرف 218 رنز بنا سکی۔

Pakistan Sport Cricket Misbah ul Haq
پاکستانی کرکٹ ٹیم اب بنگلہ دیش کا دورہ کرے گیتصویر: DW

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر سہیل تنویر تھے۔ وہ چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔  پاکستان کے تیز رفتار بالر جنید خان اس میچ کے دوران نچلے پیٹ کا اندرونی مسل پھٹ جانے کی وجہ سے کم از کم چھ ہفتوں کے لیے  کرکٹ کھیلنے کے قابل نہیں رہے۔ اسی باعث انہیں بنگلہ دیش کے ٹور سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح عبدالرزاق بھی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، وہ دوران سیریز وطن روانہ ہو چکے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم کی جانب سے افتتاحی جوڑی، اوپننگ پارٹنر شپ میں مناسب اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ پہلے پچیس اسکور پر حفیظ اور پھر اکاون کے اسکور پر اسد شفیق کی وکٹیں گر گئیں۔  بعد میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک بھی اگلے بال پر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں کو جیون مینڈیس نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ عمر اکمل نے ہیٹ ٹرک بال کو بہتر کھیلا اور بعد میں اپنے کپتان کے ساتھ مل کر 84 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ مصباح الحق 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل 61 کے اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

Misbah-ul-Haq Pakistan Cricket New test captain
مصباح الحق کامیاب کپتان ثابت ہوئے ہیںتصویر: AP

پانچویں ایک روزہ میچ کا بہترین کھلاڑی عمر اکمل کو ان کی میچ وننگ اننگ پر دیا گیا۔  پانچ میچوں کی سیریز کا بہترین کھلاڑی شاہد آفریدی کو قرار دیا گیا۔

اب پاکستانی کرکٹ ٹیم اسی ماہ کے آخر میں بنگلہ دیش روانہ ہو گی۔ جہاں وہ تین ایک روزہ میچ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ نو دسمبر کو شروع ہو گا۔ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ نومبر کے آخر میں شیڈیول ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں