پاکستان کے یوم آزادی پر بھارت کا تحفہ
15 اگست 2017تیرہ اگست کو ایک ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان نفرت کی دیوار کو توڑنے کی کوشش کی ہے۔ اس ویڈیو میں بھارتی گلوکاروں نے پاکستان کا قومی ترانہ گایا ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک یو ٹیوب چینل ’وائس آف رام‘ نے اس ویڈیو کو شائع کیا۔
اس ویڈیو کو دونوں ممالک میں ہی کافی پسند کیا گیا۔ پاکستانی کالم نگار بینا سرور نے اس گانے کے بارے میں لکھا،' کتنا خوبصورت خراج تحسین اور وہ بھی اتنی محبت کے ساتھ۔‘‘
ایک پاکستانی صارف نے لکھا،’’ بھارتی شہریوں نے پاکستان کا قومی ترانہ گایا، پاکستان کی طرف سے بھی آپ کے لیے محبت ہی محبت‘‘
بھارت میں یوٹیوب کے ایک صارف نے لکھا، ’’اب سب کو سمجھنا ہوگا کہ جنگ سے سوائے تباہی کے اور کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا۔‘‘
اسی یوٹیوب چینل سے ایک اور ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں پاکستانی اور بھارتی گلوکاروں نے پاکستان اور بھارت کا قومی ترانہ گایا ہے۔
آج بھارت کی آزادی کی سترویں سالگرہ کے موقع پر کئی پاکستانیوں نے بھی بھارتی شہریوں کے لیے محبت اور امن کے پیغامات بھجوائے ہیں۔ اداکار صنم بلوچ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’ آئیے ہم متحد ہو کر کام کریں تاکہ کوئی ہمیں نقصان نہ پہنچا سکے۔ گولیوں سے امن حاصل نہیں کیا جاسکتا۔‘‘
صحافی عافیہ سلام نے لکھا،’’ پاکستان اور بھارت 1947ء کی شب آزاد ہوئے تھے۔ میں توقع کرتی ہوں کہ دنوں ممالک غربت سے بھی آزاد ہو جائیں۔‘‘
اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھارت کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔
عدیل ہاشمی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’ لالی انکھاں دی پائی دسدی اے، روئے تسی وی او، روئے اسی وی ایں۔‘‘
رضا رومی نے اپنے اکاؤنٹ پر لکھا،’’یہ داغ داغ اجالا، یہ شب گزیدہ سحر، وہ انتظار تھا جس کا، یہ وہ سحر تو نہیں۔‘‘