پاک امریکا تعلقات میں تناؤ برقرار
28 اگست 2017جنوبی ایشیا کی نائب سکریٹری آف اسٹیٹ ایلیس ویلز کے دورہء پاکستان کو امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان کے حوالے سے حالیہ بیان کے بعد پہلا ہائی پروفائل دورہ قرار دیا جا رہا تھا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے،’’ حکومت پاکستان کی درخواست کے باعث امریکی وفد کے دورے کو ملتوی کیا جا رہا ہے۔‘‘
گزشتہ ہفتے افغانستان کے حوالے سے پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر نے پاکستان پر شر پسند عناصر کو پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ امریکا کی جانب سے متعدد مرتبہ پاکستان پر طالبان کے ساتھ تعلقات رکھنے اور انتہا پسند پیدا کرنے کا الزام لگتا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی کہا تھا کہ پاکستان نے اپنی پالیسی تبدیل نہ کی تو اسے امریکا کا اہم اتحادی ہونے کا درجہ کھونا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان کی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ انہیں امریکا کا اعتماد چاہیے نا کہ اس کی امداد۔