پوپ جان پال دوئم کو سعادت ابدی سے نوازا گیا
1 مئی 2011ویٹیکن سٹی میں قائم سینٹ پیٹرز بازیلیکا کے سامنے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں سابق پاپائے روم جان پال دوئم کو ’بابرکت شخصیت‘ قرار دیتے ہوئے ایک ملین سے زائد مسیحیوں کے سامنے موجودہ پاپائے روم پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پوپ نے لاطینی زبان میں دعائیں پڑھیں اور اپنے پولش نژاد پیش رو کے سعادت ابدی کے مقام تک پہنچنے کا سرکاری طور پر اعلان کیا۔
سابق پاپائے روم جان پال دوئم کی اس تقریب میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسیحی عقیدت مندوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔ زائرین سینٹ پیٹرز اسکوائر کے سامنے نصب پوپ جان پال دوئم کے قد آدم پوسٹر کے سامنے جمع ہو کر مذہبی نغمے گا رہے تھے۔ پوپ کے پوسٹر کے نیچے اُن کا ایک مشہور قول تحریر کیا گیا تھا، جس میں پوپ پاول دوئم نے کہا تھا’ یسوُع مسیح کی طرف کشادگی سے دروازے کھول دو‘۔
اس مذہبی تقریب میں حصہ لینے کی غرض سے ویٹیکن سٹی آنے والے عقیدت مندوں میں پوپ جان پال دوئم کے آبائی ملک پولینڈ کے باشندے بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔ انہوں نے آج یکم مئی، مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے ہاتھوں میں اُس تاریخی لیبر یونین موومنٹ کا جھنڈا آُٹھا رکھا تھا، جس کی آنجہانی پوپ نے 1980ء کے عشرے میں بھرپور حمایت کی تھی۔ یہ مہم اُس دور میں اشتراکی قوت کے خلاف جدو جہد کر رہی تھی۔
بارسلونا سے بذریعہ کشتی ویٹیکن آنے والے سینکڑوں نوجوان زائرین میں سے ایک 12 سالہ ’بیلن لاویلا‘ مذہبی عقیدے کے جذبے سے سر شار چیخ چیخ کر کہہ رہی تھی ’میری کیفیت ہیجانی ہے، یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ ہم پوری رات کے جاگے ہوئے ہیں تاہم میں تھکاوٹ نہیں بلکہ بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں‘۔
ایک پولستانی خاتون مارگریٹ سولیک کے بقول ’یہ سب کچھ کسی طلسماتی منظر کی طرح ہے۔ میں پوپ پال دوم کو شخصیت مقدس کا درجہ دیے جانے والے ان لمحات کا بے چینی سے انتظار کر رہی تھی‘۔
کیتھولک مسحیحی عقیدے کے تحت Beatification کی تقریب اُن عظیم شخصیات کے لیے منائی جاتی ہے، جن کے انتقال کے بعد کیتھولک چرچ کی طرف سے انہیں مقدس شخصیت قرار دینے کا سرکاری اعلان کیا جاتا ہے۔ Beatification دراصل لاطینی زبان کے لفظ Beatus سے نکلا ہے، جس کا مطلب ہے فیض یاب یا متبرک۔ کیتھولک عقیدے کے مطابق جس کو یہ مقام حاصل ہوا، وہ بہشت میں داخل ہو گیا۔ نیز یہ کہ اس مقدس شخصیت کی سفارش سے اس کے نام لیوا بھی بخشے جائیں گے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: امجد علی