پہلا ڈریسڈن انٹرنیشنل پیس پرائز بعد از مرگ ناوالنی کے لیے
12 مئی 2024جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی کے دارالحکومت ڈریسڈن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق روسی صدر پوٹن کے ناقد اور سرکردہ اپوزیشن رہنما ناوالنی کو یہ اعزاز ان کی اپنے وطن میں جمہوریت کے لیے ان مسلسل اور باہمت کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا، جو ان کی تقریباﹰ تین ماہ قبل پراسرار حالات میں موت تک جاری رہیں۔
ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نام
منتظمین کی طرف سے اس اعزاز کے ساتھ اس کے وصول کنندہ کو دس ہزار یورو کی نقد رقم بھی دی گئی۔ آنجہانی آلیکسی ناوالنی کے لیے یہ اعزاز ان کی بیوہ یولیا ناوالنایا نے ڈریسڈن شہر کے 'شاؤشپیل ہاؤس‘ نامی تھیٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں وصول کیا۔
اس تقریب میں آلیکسی ناوالنی کی روس میں جمہوریت اور شہری حقوق کی جدوجہد کے موضوع پر مرکزی توصیفی خطاب سابق جرمن صدر یوآخم گاؤک نے کیا۔
اس کے علاوہ اس تقریب میں معروف روسی موسیقار سیرگئی نَیوسکی کی آلیکسی ناوالنی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تیار کردہ ایک دھن بھی پہلی مرتبہ بجائی گئی۔
جرمن میڈیا کا امسالہ فریڈم پرائز ناوالنی اور ان کی بیوہ کے نام
ناوالنی کا پراسرار حالات میں انتقال
روسی صدر پوٹن کے بلند بانگ مخالف اور کریملن پر کھل کر تنقید کرنے والے اپوزیشن رہنما آلیکسی ناوالنی اس سال 16 فروری کو سائبیریا کے ایک حراستی کیمپ میں دوران قید پراسرار حالات میں انتقال کر گئے تھے۔
روسی صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کی تدفین
فرینڈز آف ڈریسڈن نامی تنظیم کی طرف سے 2010ء سے ڈریسڈن پرائز کے نام سے ایک اعزاز ہر سال فروری میں ایسے افراد کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے دنیا میں امن اور بین الاقوامی مفاہمت کے لیے سرکردہ خدمات انجام دی ہوں۔ یہ اعزاز دوسری عالمی جنگ کے دوران جرمنی کے اس مشرقی شہر کے تقریباﹰ پوری طرح تباہ ہو جانے کی برسی کے موقع پر دیا جاتا رہا ہے۔
روس میں ناوالنی کا سوگ منانے والے 400 سے زائد افراد گرفتار
اس سال سے تاہم اس اعزاز کے لیے ذمے داری گزشتہ منتظم ادارے کے ساتھ مل کر ایک نئے ادارے نے اپنے سر لی لے ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈریسڈن پرائز کا نام بدل کر ڈریسڈن انٹرنیشنل پیس پرائز کر دیا گیا ہے۔
یہ بین الاقوامی امن انعام اس سال پہلی مرتبہ دیا گیا ہے۔ لیکن اس سے قبل جب یہ ابھی ڈریسڈن پرائز ہی کہلاتا تھا، اس کے وصول کنندگان میں سابق سوویت صدر میخائل گورباچوف جیسی تاریخ ساز شخصیات بھی شامل رہی ہیں۔
م م / ا ا (ڈی پی اے)