ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف فوجداری مقدمے میں فرد جرم عام کر دی گئی
10 جون 2023سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عائد کردہ فرد جرم جمعے کو عام کر دی گئی ہے۔ منظرعام پر آنے والی دستاویزات کے مطابق ٹرمپ نے اپنی مدت صدارت کے دوران کئی خفیہ سرکاری فائلیں اپنے پاس رکھیں، جس کی وجہ سے انہیں 37 سنگین الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چھ جنوری خوبصورت دن تھا، کیپیٹل ہل پر حملہ آوروں کو معاف کر دونگا، ٹرمپ
فرد جرم میں ان پر خفیہ دستاویزات رکھنے کے بارے میں جھوٹ بولنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کے ایک گھر پر چھاپے کے دوران جو دستاویزات ملیں، وہ امریکہ کی جوہری صلاحیتوں کے متعلق تھیں جبکہ کئی ممالک کی انتہائی حساس فائلیں بھی ان کے پاس تھیں۔
عدالت نے ٹرمپ کو خاتون سے جنسی بدسلوکی کا مجرم قرار دے دیا
محکمہ انصاف نے ان مجرمانہ الزامات کو جمعے کے روز ایک ایسے ہنگامہ خیز دن پر عام کیا، جب ٹرمپ کے دو وکلاء جان راولی اور جم ٹرسٹی نےنا معلوم وجوہات کی بنا پر اس مقدمے سے الگ ہونے کا اعلان کیا۔ ایک سابق معاون والٹ نوٹا کو ٹرمپ کے شریک سازشی ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔
ان الزامات کے تحت ٹرمپ کو ممکنہ طور پر 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ سابق صدر اپنی 77ویں سالگرہ سے ایک روز قبل منگل کو میامی کی عدالت میں اپنی پہلی پیشی کے لیے تیار ہیں۔
’میں بے قصور ہوں،‘ ڈونلڈ ٹرمپ کا عدالت میں بیان
یہ ٹرمپ کے خلاف عائد کی گئی دوسری فرد جرم تھی۔ اس سے قبل نیویارک ریاست کی ایک عدالت نے بالغوں کے لیے بنائی جانے فلموں کی ایک اداکارہ اسٹارمی ڈینئیل کے ساتھ جنسی تعلق کو چھپانے کے لیے دی گئی رقم کے معاملے میں ٹرمپ پر فرد جرم عائد کی تھی۔
تاہم خفیہ دستاویزات کے معاملے پر ایک وفاقی جیوری کی طرف سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد ٹرمپ امریکی تاریخ میں پہلے صدر بن گئے ہیں، جن پر ایک فوجداری مقدمے میں وفاق کی سطح پر فرد جرم عائد کی گئی۔
ٹرمپ کے خلاف استغاثہ کی قیادت کرنے والے امریکی خصوصی وکیل جیک اسمتھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، '' قومی دفاعی معلومات کی حفاظت سے متعلق ہمارے قوانین امریکہ کے تحفظ اور سلامتی کے لیے اہم ہیں، اور ان کا نفاذ ضروری ہے۔ ہمارے پاس اس ملک میں قوانین کا ایک مجموعہ ہے، جو سب پر لاگو ہوتے ہیں۔‘‘
اسمتھ نے کہا کہ وہ فلوریڈا میں جیوری کے مقدمے کی تیز سماعت کی درخواست کریں گے۔
دوسری جانب ان الزاما ت کے سامنے آنے کے بعد ٹرمپ نے اپنی بے گناہی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر جیک اسمتھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا، ''وہ ٹرمپ سے نفرت کرنے والا ہے۔ ایک منحوس 'نفسیاتی‘ جسے 'انصاف‘ سے جڑے کسی بھی معاملے میں شریک نہیں ہونا چاہیے۔‘‘
ان تمام قانونی چیلنجز کے باجود امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کی طرف سے ابھی تک کے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔ اس وقت وہ ریپبلکن ووٹروں میں مقبولیت کے لحاظ سے سب سے آگے ہیں جب کے ان کے مقابلے میں پارٹی کے دوسرے امیدوار عوامی رائے عامہ کے جائزوں میں ٹرمپ سے کافی پیچھے ہیں۔
ش ر ⁄ ا ا (روئٹرز)