1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا جرمن پولیس میں بھی دائیں بازو کے انتہا پسند موجود ہیں؟

24 اگست 2018

جرمن پبلک ٹی وی کے عملے کو اسلام مخالف تحریک پیگیڈا کی ریلی کی عکس بندی سے روکے جانے کے بعد ایسے دعوے سامنے آئے ہیں کہ جرمن صوبے سیکسنی کی پولیس میں بھی دائیں بازو کے شدت پسندوں سے ہمدردی رکھنے والے اہلکار موجود ہیں۔

https://p.dw.com/p/33gG7
Deutschland Hildesheim Polizei verhaftet Islamisten
تصویر: Getty Images/A. Koerner

وفاقی جرمن صوبے سیکسنی کی پولیس سے وضاحت مانگی جا رہی ہے کہ کیا اس ادارے میں انتہائی دائیں بازو جرمن شدت پسندوں سے ہمدردری رکھنے والے اہلکار بھرتی کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات اُس ایک واقعے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں جرمن پبلک براڈ کاسٹر زیڈ ڈی ایف کے عملے کو اسلام مخالف تحریک پیگیڈا کی ریلی کی عکس بندی سے روکا گیا تھا۔ پیگیڈا کی ریلی گزشتہ ہفتے کے دوران ڈریسڈن شہر میں منعقد کی جا رہی تھی۔

ڈریسڈن شہر کی پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران زیڈ ڈی ایف چینل کے عملے کو اُس وقت روکا گیا تھا جب وہ چانسلر انگیلا میرکل کے خلاف پیگیڈا کی ریلی کی عکاسی میں مصروف تھے۔ اس واقعے کے بعد جرمن سکیورٹی فورسز میں انتہائی دائیں بازو کے عناصر کے ساتھ ہمدردی اور تعلق کے مبینہ اندازے جرمنی سیاسی حلقوں کو پریشان کیے ہوئے ہیں۔

Symbolbild Dresden Kannibalismus
ایسے دعوے سامنے آئے ہیں کہ جرمن صوبے سیکسنی کی پولیس میں دائیں بازو کے شدت پسندوں سے ہمدردی رکھنے والے اہلکار موجود ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

سیکسنی میں رونما ہونے والے واقعات نے سارے جرمنی میں خاص توجہ حاصل کی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی اس واقعے کے تناظر میں آزادئ صحافت کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے مظاہرین کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی احتجاجی سرگرمیوں کو ذرائع ابلاغ کے اہلکار فلمبند کر رہے ہیں۔ میرکل کے مطابق ایسے مظاہرین کو میڈیا کی فلم بندی کی حقیقت تسلیم کرنا چاہیے۔

جرمن وزیر انصاف کترینا بارلے نے اس صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ جرمن اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدان اور صحافیوں کی تنظیمیں پہلے ہی پیگیڈا تحریک کو جرمن جمہوری اقدار کے لیے شدید خطرہ قرار دے چکی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس تحریک کے کارکنوں یا حامیوں کو سکیورٹی فورسز تک رسائی کسی صورت نہیں ملنی چاہیے۔

کاروبار نواز سیاسی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب سربراہ وولفگانگ کُوبیکی کا کہنا ہے کہ یہ ناقابل برداشت ہے کہ ریاستی پولیس کے اہلکار پیگیڈا تحریک کے ساتھ مارچ کریں۔ انہوں نے ایک انضباطی طریقہٴ کار کی ضرورت پر زور دیا ہے، جس کے تحت ایسے افراد کو سکیورٹی فورسز سے نکال باہر کیا جا سکے۔