ہیکنگ: اسرائیلی ویب سائٹس پر ملک کی تباہی کی ویڈیو چلنے لگی
21 مئی 2020اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ ہیکرز نے ان ویب سائٹس کو آج جمعرات اکیس مئی کو اپنے آن لائن حملوں کا نشانہ بنایا اور اس دوران تمام متاثرہ ویب سائٹس پر معمول کی معلومات اور مندرجات کے بجائے ہر جگہ صرف ایک ہی ویڈیو پوسٹ کی دی گئی تھی، جو ایک ریاست کے طور پر اسرائیل کی تباہی سے متعلق تھی۔
ہیکنگ کی زد میں آنے والی ان ویب سائٹس پر اس ویڈیو کے ساتھ عبرانی اور انگریزی زبانوں میں یہ پیغام بھی لکھا ہوا تھا: ''اسرائیل کی تباہی کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن ایک عرصہ ہوا شروع ہو چکا ہے۔‘‘ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ہیکرز کی طرف سے متاثرہ ویب سائٹس پر اس پیغام کے ساتھ پوسٹ کی گئی ویڈیو میں بظاہر تل ابیب شہر کو تباہ ہو چکا دکھایا گیا ہے۔
اس آن لائن حملے کے بارے میں اسرائیلی ویب کمپنی 'یوپریس‘ (uPress) کی طرف سے اس کے فیس بک پیج پر بتایا گیا کہ یہ ایک ایسا 'دانستہ حملہ‘ تھا، جو کئی ایسی ویب سائٹس پر کیا گیا ہے، جس کے لیے ویب ہوسٹنگ یہی کمپنی کرتی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ ماہرین کو ان ویب سائٹس پر وہ 'سکیورٹی گیپپ‘ بھی مل گیا ہے، جسے استعمال کرتے ہوئے غالباﹰ ہیکرز یہ حملہ کر سکے۔
'یوپریس‘ نے مزید کہا کہ وہ اسرائیل کے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کے ماہرین کے ساتھ مل کر چھان بین کر رہی ہے، تاکہ یہ پتا چلایا جا سکے کہ ان حملوں کے ذمے دار ہیکرز کون تھے۔ ملکی میڈیا نے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سائبر حملہ 'سطحی‘ نوعیت کا تھا، جس میں ویب ہوسٹنگ کرنے والی صرف ایک ہی کمپنی کو نشانہ بنایا گیا۔
م م / ع ا (ڈی پی اے)