1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کے بجٹ میں جرمنی کا حصہ: ریکارڈ پچیس بلین یورو

31 دسمبر 2022

جرمنی نے گزشتہ برس یورپی یونین کے سالانہ بجٹ کے لیے اپنے حصے کے طور پر پچیس بلین یورو سے زائد کی رقوم مہیا کیں، جو ایک نیا ریکارڈ تھا۔ سال دو ہزار اکیس میں یہ حصہ دو ہزار بیس کے مقابلے میں ساڑھے پانچ بلین زیادہ رہا۔

https://p.dw.com/p/4LYI1
EU budget Euro currency notes
تصویر: Andrei Barmashov/PantherMedia/image images

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی طرف سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جرمنی نے، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے اور دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں شمار ہوتا ہے، یورپی یونین کے بجٹ کے لیے 2021ء میں کُل 25.1 بلین یورو مہیا کیے۔ یہ رقوم 26.7 بلین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہیں۔

فرانس اور اٹلی نے کتنی رقوم مہیا کیں؟

اس سے قبل سال 2020ء میں یونین کے سالانہ بجٹ میں جرمنی کا حصہ 19.4 بلین یورو رہا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ گزشتہ برس جرمنی نے اس مد میں اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباﹰ ساڑھے پانچ بلین یورو زیادہ ادا کیے۔

یورپی ممالک شہریت کو کیسے منظم کرتے ہیں

اس کے برعکس 2021ء میں یورپی یونین کے بجٹ میں فرانس کا حصہ 12.4 بلین یورو رہا، جو جرمنی کی طرف سے مہیا کردہ رقوم کے نصف سے بھی کم بنتا تھا۔ فرانس آبادی کے لحاظ سے یورپی یونین کے دوسرا سب سے بڑا رکن ملک ہے۔

کووڈ کی وجہ سے صنفی مساوات خطرے میں ہے، ای یو رپورٹ

اپنی مجموعی آبادی کے لحاظ سے یونین کے تیسرے سب سے بڑے ملک اٹلی نے 2021ء میں اس بلاک کے سالانہ بجٹ کے لیے صرف 3.2 بلین یورو ادا کیے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ گزشتہ برس یونین کے سالانہ اخراجات میں اٹلی کا حصہ جرمنی کے حصے کے 15 فیصد سے بھی کم رہا تھا۔

سب سے زیادہ رقوم کن ممالک نے حاصل کیں؟

یورپی یونین کے بجٹ میں سے چونکہ تمام رکن ممالک کی طرف سے ادا کردہ مالی وسائل انہی رکن ریاستوں میں تقسیم یا خرچ کیے جاتے ہیں، اس لیے یہ بھی ہوتا ہے کہ کوئی ملک بہت زیادہ فنڈز مہیا کرتا ہے تو کسی کو بہت زیادہ رقوم ملتی ہیں۔

سوئٹزرلینڈ تارکین وطن کو جرمنی اور فرانس بھیج رہا ہے، رپورٹ

ڈی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2021ء میں جس ملک کو اس کے ادا کردہ فنڈز کے مقابلے میں سب سے زیادہ مالی وسائل ملے، وہ پولینڈ تھا۔ تب پولینڈ کو اس کی طرف سے ادا کردہ حصے کے مقابلے میں 11.8 بلین یورو زیادہ ادا کیے گئے، جس کی وجہ وہاں جاری یونین کے منظور کردہ مختلف منصوبے تھے۔

یورپی یونین کے رہنما توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مقابلہ کرنے پر متفق

ادائیگیوں اور وصولیوں کے فرق کی بنیاد پر دوسرا سب سے بڑا فائدہ یونان کو ہوا، جسے اس کے ادا کردہ حصے کے مقابلے میں 4.5 بلین یورو زیادہ ملے۔ اسی طرح ہنگری کو بھی 4.1 بلین  یورو اور رومانیہ کو بھی تقریباﹰ چار بلین یورو کا مالی فائدہ ہی ہوا۔

بریگزٹ کے مالیاتی اثرات

یورپی یونین کے رکن کئی ملک ایسے بھی ہیں، جو پہلے ہی بہت ترقی یافتہ ہیں اور جنہیں ان کے حصے کی ادائیگیوں کے مقابلے میں یورپی یونین کے بجٹ سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے پیسے کم ملتے ہیں۔ ان ممالک کو اس بلاک کی net contributor ریاستیں کہا جاتا ہے۔

سات دن میں چھیاسٹھ ہزار روسی شہری یورپی یونین میں داخل

2021ء سے لے کر 2027ء تک کے یورپی یونین کے مالیاتی فریم ورک کے لیے مذاکرات کے دوران جرمنی اور اس جیسے دیگر امیر ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ وہ اس عرصے کے دوران اپنی طرف سے یورپی بجٹ کے لیے ادائیگیوں میں اضافہ کر دیں گے۔

اس اضافے کا مقصد ان ادائیگیوں کی کمی کو پورا کرنا تھا، جو برطانیہ کرتا تھا اور جو برطانیہ کے یونین سے اخراج یا بریگزٹ کے بعد سے بند ہو چکی ہیں۔

م م / ا ا (ڈی پی اے)

ای یو کے رکن ممالک ریلیف پیکج میں کتنی رقم خرچ کر رہے ہیں؟