26 اپریل: چرنوبل ایٹمی حادثے کے پچیس برس
26 اپریل 2011اِس سلسلے میں ایک تقریب آج منگل 26 اپریل کو یوکرائن میں چرنوبل کے مقام پر منعقد کی جا رہی ہے، جس میں روسی صدر دمتری میدویدیف بھی شریک ہو رہے ہیں۔ کئی دیگر سرکردہ شخصیات کے ساتھ ساتھ یوکرائن کے صدر وکٹور یانکووچ بھی اِس تقریب میں موجود ہوں گے۔
یہ تقریب ایک ایسے وقت منعقد کی جا رہی ہے، جب جاپان کے فوکوشیما جوہری پلانٹ سے تابکاری کے اخراج نے توانائی کے اِس ذریعے کے خطرناک اور غیر محفوظ ہونے کے حوالے سے خدشات میں بہت زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔
پچیس برس پہلے جب یہ واقعہ پیش آیا، تب یوکرائن ابھی سوویت یونین کا حصہ تھا۔ تب چرنوبل ایٹمی پاور اسٹیشن کے کارکن ری ایکٹر نمبر چار میں کچھ تجربات کر رہے تھے کہ اچانک تکنیکی خرابیوں اور ڈیزائن میں نقائص کے باعث پَے در پَے کئی دھماکے ہو گئے۔
اِن دھماکوں کے نتیجے میں یہ ری ایکٹر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا جبکہ تابکاری شعاعیں نہ صرف ہمسایہ سوویت ریاستوں بیلا روس اور روس تک پہنچیں بلکہ اِن کے اثرات مغربی یورپی علاقوں میں بھی ریکارڈ کیے گئے۔ دھماکوں کے باعث دو کارکن فوری طور پر ہلاک ہو گئے جبکہ عملے اور امدادی ٹیموں کے 28 ارکان تابکاری شعاعوں کی زَد میں آنے کی وجہ سے اگلے چند مہینوں کے اندر اندر چل بسے۔ اِس کے برعکس تحفظ ماحول کی علمبردار تنظیم ’گرین پیس‘ کے اندازوں کے مطابق 2005ء تک یوکرائن، روس اور بیلا روس میں اس حادثے کے باعث کم از کم ایک لاکھ انسان موت کا شکار ہوئے۔
اِس جوہری پلانٹ کے اردگر آباد ہزارہا انسانوں کو اُن کے گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
اُس وقت کی سوویت قیادت نے اِس تباہی کے بعد کے چار برسوں میں اِس ری ایکٹر کی آگ بجھانے اور جوہری پلانٹ کو پہنچنے والے نقصان پر قابو پانے کے لیے چھ لاکھ کارکن بھیجے تھے، جن کے پاس تابکاری سے بچنے کے لیے ناکافی انتظامات تھے اور یوں وہ بھاری تابکاری کی زَد میں آئے۔
اِس ایٹمی حادثے کی یاد میں تقریبات کا آغاز آج یوکرائن کے مقامی وقت کے مطابق صبح ایک بج کر 23 منٹ پر ہوا۔ ری ایکٹر نمبر چار میں دھماکوں کا سلسلہ اِسی وقت شروع ہوا تھا۔ آج عین اِسی وقت یوکرائن کے دارالحکومت کے علاقے میں ایک مذہبی سروس منعقد کی گئی، جس کی قیادت روسی آرتھوڈاکس چرچ کے سربراہ کیریل نے گرجا گھر کی گھنٹیاں بجاتے ہوئے کی۔
اِس ری ایکٹر سے ابھی تک بھی تابکاری شعاعیں خارج ہو رہی ہیں۔ اب ایک نیا خول تیار کیا جا رہا ہے، جسے اگلے برسوں کے اندر اندر اِس ری ایکٹر پر چڑھا دیا جائے گا۔ اِس پر مجموعی طور پر 740 ملین یورو لاگت آئے گی تاہم گزشتہ ہفتے ایک ڈونرز کانفرنس میں ابھی 550 ملین یورو فراہم کرنے کے وعدے کیے گئے ہیں۔
چرنوبل سے بجلی کے حصول کا سلسلہ سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد بھی جاری رہا۔ ری ایکٹر نمبر دو 1991ء میں آگ لگنے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔ ری ایکٹر نمبر ایک 1997ء میں بند کیا گیا جبکہ ری ایکٹر نمبر سے تین دسمبر سن 2000ء تک بھی کام لیا جاتا رہا۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: شامل شمس