1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
موسیقی

U 2 ممبئی میں جلوہ گر ہو گا

18 ستمبر 2019

مشہور آئرش میوزک بینڈ ’یو ٹو‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پندرہ دسمبر کو بھارتی شہر ممبئی میں کنسرٹ کرے گا۔ پہلی مرتبہ یہ راک بینڈ بھارت میں جلوہ گر ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3PmES
Deutschland Konzert der Band U2 in Hamburg
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Bockwoldt

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مشہور زمانہ راک بینڈ U 2 کے حوالے سے بدھ کے دن بتایا کہ وہ بھارتی شہر ممبئی میں ایک کنسرٹ کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ 'جوشوا ٹری ٹور 2019 ‘ کے سلسلے میں میوزک بینڈ یو ٹو کی آخری پرفارمنس پندرہ دسمبر کو بھارت میں فلمی دنیا کا گھر تصور کیے جانے والے شہر ممبئی میں ہو گی۔

یو ٹو کے بیس گٹارسٹ ایڈم کلیٹن نے دورہ بھارت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے 'ہم ڈبلن کی چکاچوند کو ممبئی لے جانے کے منتظر ہیں‘۔ یو ٹو گروپ کی پہچان اور لیڈ سنگر بونو نے بھارت سے مماثلت پیدا کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ نے بھی برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کی خاطر جدوجہد کی تھی۔

بونو نے 'رولنگ اسٹون انڈیا‘ سے گفتگو میں کہا، ''ہمارے پرچموں کے رنگ بھی ایک جیسے ہیں۔ مہاتما گاندھی نے آئرش آزادی کی تحریک پر گفتگو بھی کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ (آزادی کی) جدوجہد میں پرتشدد نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ''ہمارے وزیر اعظم فزیشن ہیں اور ان کی تربیت ممبئی میں ہوئی اور ان کے والد ممبئی میں رہے تھے۔‘‘ آئرلینڈ کے وزیر اعظم لیو وراڈکر کے والد بھارتی تھے، جو ساٹھ کی دہائی میں برطانیہ چلے گئے تھے۔

'جوشوا ٹری ٹور 2019 ‘ کے سلسلے میں پہلا کنسرٹ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہو گا جبکہ اس ٹور کے سلسلے میں یہ بینڈ برسبین، ایڈیلیڈ، ملیبورن، پرتھ اور سنگارپور کے علاوہ ٹوکیو، سیول اور منیلا میں بھی کنسرٹس کرے گا۔ بھارت میں حالیہ عرصے کے دوران کئی بڑے میوزک بینڈ اور اسٹارز پرفارم کر چکے ہیں۔ ان میں بیانسے، شکیرا، کولڈ پلے، ڈیمی لواٹا اور برائن ایڈمز بھی شامل ہیں۔

ع ب / ع ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں