1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آج کا اسرائیل اور نازی جرمنی: فوجی جنرل کے بیان پر ہنگامہ

مقبول ملک8 مئی 2016

آج کے اسرائیل اور نازی جرمنی کے حالات میں بظاہر مماثلت کا تاثر دینے والے اپنے ایک بیان کے باعث اسرائیلی فوج کے نائب سربراہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ کابینہ کی وزیر مِیری ریگیو نے جنرل گولان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ijun
Israel Benjamin Netanjahu Fahne
جنرل یائر گولان کا تبصرہ ایک غلطی تھی، وزیر اعظم نیتن یاہوتصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Balilty

یروشلم سے اتوار آٹھ مئی کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق بہت متنازعہ ہو جانے والا یہ بیان اسرائیلی فوج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف میجرل جنرل یائر گولان نے ابھی حال ہی میں دیا تھا۔

میجرل جنرل گولان نے اپنے اس بیان میں جو بات کہی تھی، اس سے تاثر یہ ملتا تھا کہ جیسے وہ موجودہ اسرائیل کو بظاہر اس نازی جرمن دور کی فضا سے مماثل قرار دے رہے ہوں، جب ہولوکاسٹ یا یہودیوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔

فوج کے نائب سربراہ نے ملک میں ہولوکاسٹ میموریل ڈے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ’آج کے اسرائیل میں ایسے شواہد نظر آتے ہیں، جو متلی پر مجبور کر دینے والی ان کارروائیوں کی یاد دلاتے ہیں، جو نازی جرمن دور میں کی گئی تھیں‘۔

جنرل گولان کے اس بیان پر اسرائیل میں فوراﹰ شدید تنقید شروع ہو گئی تھی اور اس بلند آواز تنقید میں یہودی قوم پسند سب سے آگے تھے۔ اس واقعے کے بعد ملکی وزیر دفاع، فوج کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ حکام میجر جنرل گولان کے حق میں بولنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ ان شخصیات نے کھل کر کہا تھا کہ Yair Golan نے اپنے موقف کے ساتھ دراصل اسرائیلی معاشرے میں پائے جانے والے پریشان کن رجحانات کے خلاف صرف تنبیہ کی ہے۔

Miri Regev
ڈپٹی چیف آف سٹاف گولان کو برطرف کیا جائے، کابینہ کی وزیر مِریم ریگیو کا مطالبہتصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Balilty

لیکن اس پر بھی اسرائیل میں اس موضوع پر بحث ختم نہ ہوئی اور کابینہ کی وزیر مِیری ریگیو Miri Regev نے تو یہ مطالبہ بھی کر دیا کہ یائرگولان کو برطرف کیا جانا چاہیے۔ ملکی پارلیمان کی موجودہ رکن مِیری ریگیو کا تعلق لیکوڈ پارٹی سے ہے اور وہ ماضی میں ملکی فوج کی ترجمان کے طور پر بریگیڈیئر جنرل کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں۔

اسرائیلی فورسز کے ڈپٹی چیف آف سٹاف کے حالیہ بیان پر آج اتوار کے روز ملکی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے بھی سرعام تنقید کی اور ان کے موقف کو رد کر دیا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ ہولوکاسٹ کے یادگاری دن کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل یائر گولان سے غلطی ہو گئی تھی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیتن یاہو نے ملکی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں جنرل گولان کے تبصرے کو غیر ذمے دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا، ’’ایسے بیانات سے اسرائیل کو نقصان پہنچتا ہے اور ہولوکاسٹ کی خوفناکی کم ہو جاتی ہے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید