1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آرامکو پر حملے، ایرانی اسلحے کے شواہد ملے ہیں، سعودی اتحاد

16 ستمبر 2019

سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے میں ایرانی اسلحے کے استعمال کے شواہد ملنے کا بتایا گیا ہے۔ یہ حملہ گزشتہ ویک اینڈ پر کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3PgNg
Saudi-Arabien Drohnenangriffe
تصویر: AFP

 سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ایک بیان میں واضح کیا گیا کہ سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق  اس میں ایرانی ساختہ اسلحے کے استعمال ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ یہ بات عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے پیر سولہ ستمبر کو دارالحکومت ریاض میں کی جانے والی ایک پریس کانفرنس میں بیان کی ہے۔

کرنل المالکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی تفتیشی عمل جاری ہے اور اس بابت مزید شواہد سامنے جلد لائیں جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ ہتھیار یمن سے روانہ نہیں کیے گئے تھے۔ عسکری اتحاد کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ آرامکو کی تنصیبات پر مبینہ ڈرون حملوں کے لیے یمن سے باہر کس دوسرے مقام کو منتخب کیا گیا تھا اور اس کی تفصیلات کسی اگلی پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔

 سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کی ذمہ داری یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا نے قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے پیر سترہ ستمبر کو سعودی تیل کی تنصیبات پر مزید حملوں کی دھمکی دی گئی ہے۔

Saudi-Arabien Drohnenangriffe
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے نواح میں واقع تیل کی ریفائنریتصویر: AFP/F. Nureldine

حوثی ملیشیا کے ترجمان بریگیڈئر یحییٰ ساری کا کہنا ہے کہ وہ سعودی حکومت پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب کے سبھی مقامات اُن کی دسترس میں ہیں اور کسی بھی مقام کو وہ منتخب کر کے اُس پر حملہ کرنے کی قوت رکھتے ہیں۔

 سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی منڈیوں میں خام تیل کے فی بیرل کی قیمت میں اضافہ پیدا ہوا ہے۔ اس حملے سے تیل کی سپلائی پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ کی اس صورت حال کو ماہرین نے 'کھلبلی‘ قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کے خلاف کسی ممکنہ اقدام کا اشارہ دے دیا ہے۔ اس تناظر میں دوسری عالمی طاقتوں نے فریقین کو صبر و تحمل اور احتیاط برتنے کی تلقین کی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس خطے میں کسی بھی فوجی ایکشن کے انتہائی منفی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

ع ح، ع ا ⁄  روئٹرز، اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں