آسٹریلوی ٹیم کو شکست دینے کی کوشش کریں گے، مِکی آرتھر
11 دسمبر 2016آسٹریلوی شہر برسبین میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مِکی آرتھر کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کا سخت مقابلہ کرتے ہوئے اُسے شکست سے دوچار کرنے کی کوشش کریں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل مِکی آرتھر آسٹریلوی ٹیم کے کوچ تھے۔ انہیں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد فارغ کیا گیا تھا۔
آسٹریلوی شہر برسبین میں مقامی میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے آرتھر نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ آسٹریلوی ٹیم ایک بہتر ٹیم ہے اور اِس مناسبت سے پاکستانی کھلاڑیوں میں کوئی ابہام نہیں ہے لیکن وہ میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آرتھر نے یہ بھی واضح کیا کہ اپنے ملک کی موافق پچوں پر آسٹریلوی ٹیم بہت مضبوط ٹیم ہوتی ہے اور پاکستانی ٹیم کو ایک مشکل چیلنج کا سامنا ہے۔
آسٹریلیا پہنچنے سے قبل نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ میچ ہار چکی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کو جنوبی افریقی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے پہلے دو ٹیسٹ میچ واضح فرق سے جیتے تھے۔ کرکٹ کے ناقدین کا خیال ہے کہ جنوبی افریقہ سے شکست کھانے کے بعد میزبان ٹیم کے حوصلے کوئی بہت بلند نہیں ہیں اور ٹیم کے اندر نئے کھلاڑی بھی ہیں، جن کے لیے پاکستانی بالر مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔
اُدھر آسٹریلیا کے تیز بالر مائیکل اسٹارک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکی آرتھر کے بعد کوچ بننے والے ڈیرن لیہمن کی کوششوں سے آسٹریلوی ٹیم میں خاصی مثبت تبدیلیاں سامنے آ چکی ہیں۔ موجودہ آسٹریلوی ٹیم کے تیز بالنگ کے شعبے کے سب سے اہم رکن مائیکل اسٹارک خیال کیے جاتے ہیں۔ اسٹارک نے اپنی ٹیم کے سابقہ کوچ مِکی آرتھر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل سے متعلق اپنا مخصوص نقطہٴ نظر رکھتے ہیں لیکن موجودہ آسٹریلوی ٹیم اب خاصی بہتر ہو چکی ہے۔
آسٹرلوی میڈیا کے مطابق مکی آرتھر پاکستانی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ وہ میزبان ٹیم کے کئی تکنیکی پہلوؤں کو جانتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ آسٹریلوی شہر پرتھ کے رہائشی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ میزبان ٹیم کو شکست دینے کے لیے کوئی خاص حربے نہیں رکھتے لیکن اُن کی تمنا ہے کہ پاکستانی ٹیم جو میچ بھی کھیلے، اُس میں کامیاب رہے۔