1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ پاکستان اور بھارت کی میزبانی کے لیے تیار

9 مارچ 2022

کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ نک ہوکلی نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے ساتھ سہ فریقی سیریز شاندار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کے لیے رضا مند ہیں۔

https://p.dw.com/p/48DbD
India vs Pakistan - T20 world cup cricket
تصویر: Francois Nel/Getty Images

پاکستان اور بھارت کی قومی کرکٹ ٹیمیں صرف ایسے ایونٹس میں ہی مدمقابل آتی ہیں، جو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے ترتیب دیے جاتے ہیں۔ سیاسی تعلقات میں اختلافات کی وجہ سے دونوں ممالک باہمی دورے نہیں کر رہے ہیں۔

ان دونوں روایتی حریف ممالک کے مابین آخری مرتبہ باہمی سیریز سن دو ہزار بارہ میں کھیلی گئی تھی۔ تب بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو دورے کی دعوت دی تھی۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے جنوری میں تجویز دی تھی کہ پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان محدود اوورز کی سیریز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ممالک باقاعدگی کے ساتھ ان سیریز کا انعقاد کر سکتے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلی نے کہا ہے کہ انہوں نے اس تجویز کے بارے میں ابھی تک نہیں سوچا ہے لیکن وہ بھارت، پاکستان اور آسٹریلیا کی سہ فریقی سیریز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو میں ہوکلی نے کہا، ''ذاتی طور پر مجھے ٹرائی سیریز کا آئیڈیا پسند ہے۔ ماضی میں ایسی سیریز کافی کامیاب بھی رہی ہیں۔‘‘ وہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ہوکلی نے مزید کہا کہ وہ ایسی ٹرائی سیریز کے حق میں ہیں، ''آسٹریلیا میں پاکستانی اور بھارتی پس منظر رکھنے والے افراد کی ایک بڑی کمیونٹی آباد ہے، جو اس سیریز سے لطف اندوز ہو سکتی ہے۔‘‘

ہوکلی کے مطابق بھارت اور پاکستان کے ساتھ سیریز شاندار رہے گی اور یہ عالمی کرکٹ کے لیے بھی اچھی ثابت ہو گی۔ تاہم یہ امر اہم ہے کہ مستقبل قریب میں ایسی کسی سیریز کا انعقاد ممکن نہیں ہے کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے سن دو ہزار تئیس تک کا شیڈول جاری کیا جا چکا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کپ کے گروپ اسٹیج کے ایک میچ میں مد مقابل آئیں گی۔ یہ میچ تئیس اکتوبر کو ملیبورن میں کھیلا جائے گا۔ ہوکلی کے مطابق اس میچ کے تمام ٹکٹس ابھی سے فروخت ہو چکے ہیں۔

 ع ب/ع ح (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید