آسٹریلیا گوگل کے خلاف تفتیش کرے گا
6 جون 2010گزشتہ ماہ رابطے کے امور کے وزیر سٹیفن کونروئے نے گوگل پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کمپنی نے گوگل میپ کے لئے وائرلیس ڈیٹا کے ذریعے گلیوں کی تصاویر لیتے ہوئے پرائیویسی کا خیال نہیں رکھا۔
آسٹریلوی اَٹارنی جنرل رابرٹ مک کلے لینڈ نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے وفاقی پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اس حوالے سے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درجنوں شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے اپنی تفتیش شروع کریں۔’’ظاہر ہے، میں تفتیشی رپورٹ سے قبل کوئی بات تو نہیں کہوں گا۔ تاہم ممکنہ طور پر کمپنی کی جانب سے آسٹریلیا کے کمیونیکشن قانون توڑنے کا ارتکاب ہوا ہے، جس کے باعث عوام کی ذاتی معلومات مختص جگہ کی بجائے دیگر مقاصد کے لئے استعمال ہوئی۔‘‘
رابرٹ مک کلے لینڈ نے مزیدکہا کہ گوگل کے خلاف حتمی طور پر کوئی مقدمہ یا الزام صرف پولیس عائد کرے گی۔حکومت کا خیال ہے کہ ایسی شکایات کی صورت میں پولیس تفتیش انتہائی ضروری ہے۔
دوسری طرف گوگل کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے صارفین کا یہ ڈیٹا غلطی سے حاصل کر لیا تھا۔
’’یہ ایک غلطی تھی۔ ہم اس حوالے سے تمام سوالات کے جوابات دینے کے لئے تیار ہیں۔‘‘
رپورٹ : عاطف توقیر/خبر رساں ادارے
ادارت : گوہر نذیر گیلانی