1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آگ یونانی دارالحکومت کی طرف بڑھتی ہوئی

24 اگست 2009

یونان کے شمال مشرقی علاقے میں جنگلات میں جمعہ کو بھڑکنے والی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ اس کے برعکس صورت حال اب اور بھی زیادہ پیچیدہ ہو گئی ہے اور آگ تیزی سے دارالحکومت ایتھیز کی جانب بڑھ رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/JGz4
تصویر: AP

آگ بجھانے کے لئے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ یونانی دارالحکومت ایتھینز کا مضافاتی مشرقی علاقہ میراتھون آگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر حکام نے اتوار کو یہ علاقہ خالی کرا لیا۔ وہاں بچوں کے دو ہسپتال، ایک سمر اسکول اور ایک ریٹائرمنٹ ہوم بھی خالی کرایا گیا ہے۔

Premierminister Griechenland Kostas Karamanlis
وزیر اعظم کوسٹاس کرامان لیستصویر: picture-alliance/ dpa

اتوار کو یونان کے وزیر اعظم کوسٹاس کرامان لیس نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ بعدازاں انہوں نے تسلیم کیا کہ صورت حال انتہائی مشکل ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم کرامان لیس نے فائرفائٹرز کی کوششوں کو سراہا۔

تاہم میراتھون کے میئر سپائروز زاگارس کا کہنا ہے کہ فائر ڈیپارٹمنٹ کا عملہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ آگ اُٹھ کہاں سے رہی ہے۔

وزیر اطلاعات پانوس لیویداس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ آگ کی تقریباً ایک کلومیٹر طویل دیوار دارالحکومت کی جانب بڑھ رہی ہے اور سینکڑوں امدادی کارکن اسے روکنے میں مصروف ہیں: "یہ سچ ہے کہ صورت حال ابھی تک قابو سے باہر ہے۔ اس کی وجہ تیز ہوائیں ہیں، جو کسی بھی وقت رُخ بدل لیتی ہیں۔ "

Griechenland Feuer Waldbrand Athen
فائرفائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیںتصویر: AP

میراتھون نامی علاقے میں تقریباً ایک سو پچاس گھر خالی کرائے گئے ہیں جبکہ وہاں کی مجموعی آبادی ساٹھ ہزار ہے۔ بعض لوگوں نے اپنے گھر بار چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

آگ بجھانے کی کارروائیوں میں فائرڈیپارٹمنٹ کے عملے کے ساتھ ساتھ شہری بھی حصہ لے رہے ہیں۔ انہیں تقریباً بارہ طیاروں اور سات ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ یونانی حکام پہلے ہی متاثرہ علاقے میں ہنگامی صورت حال کے نفاذ کا اعلان کر چکے ہیں۔

اس آگ کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم دو افراد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، جن میں سے ایک معمولی جھلسنے سے زخمی ہے جبکہ دوسرا شخص دل کے مَرض میں مبتلا ہے۔

یونان میں 2007ء کے بعد لگنے والی یہ خطرناک ترین آگ ہے۔ تب 77 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی