1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اتحادیوں سے مل کر ایران ڈیل کو مضبوط بناؤں گا، پومپیو

عابد حسین
13 اپریل 2018

امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی طرف سے مائیک پومپیو کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کی توثیق کا عمل جاری ہے۔ وہ یہ منصب سنبھالنے سے قبل امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر تعینات کیے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2vz2F
USA Mike Pompeo, CIA-Direktor in Washington
تصویر: Reuters/L. Millis

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سامنے جورج پومپیو کی نامزدگی پر اراکین کی جرح جاری ہے۔ مختلف بین الاقوامی امور پر انہیں سینیٹ کے اراکین کے سوالات کا سامنا ہے۔ اس جرح کے دوران امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر نے اس تاثر کو زائل کرنے کی بھی کوشش کی کہ وہ جنگ کے حامی ہیں اور مسلم مخالف احساسات رکھتے ہیں۔

’سخت گیر موقف رکھنے والے پومپیو وزارت خارجہ میں‘

ٹرمپ نے وزیر خارجہ کو بھی فارغ کر دیا

ٹرمپ اور میٹس میں اختلافات، امریکی وزیر دفاع نے تردید کر دی

امریکی عہدیدار کا دورہ پاکستان: مسئلہ افغانستان ہے یا کچھ اور بھی؟

اراکین سینیٹ پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ سابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دور میں خراب ہوئی امریکی وزارتِ خارجہ کی ساکھ کو بہتر کرنے اور اس کا اعتماد بحال کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اسی جرح کے دوران انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ امریکا کے اتحادیوں کے تعاون سے طے شدہ ایران ڈیل کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے شمالی کوریا میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے سامنے آنے والے خدشات کی بھی نفی کی۔

USA Entlassung Außenminister Rex Tillerson PK in Washington
ریکس ٹلرسن کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس مارچ میں وزیر خارجہ کےمنصب سے فارغ کر دیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Harnik

امریکی سینیٹ میں مائیک پومپیو نے کہا کہ وہ صدر ڈونٓلڈ ٹرمپ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے خارجہ معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ امریکی حکومتی حلقے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ سابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بطور وزیر خارجہ صدر کے ساتھ قریبی تعلقات استوار رکھنے کو اپنا شعار نہیں بنٓایا تھا۔ پومپیو کے مطابق وہ غیر ملکی اتحادی ممالک کے ساتھ قریبی رابطوں کو ایک مرتبہ پھر بحال کرنا ازحد اہم خیال کرتے ہیں۔

امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کو نامزد وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکا کے اتحادی ممالک نے بطور سی آئی اے کے ڈائریکٹر، اُن کی مختلف امور کی خاطر خواہ پذیرائی کی تھی۔ کمیٹی کے سامنے انہوں نے مختلف ممالک میں پچھلے کچھ عرصے سے خالی پوزیشنوں پر مناسب اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی اہم قرار دیا۔ پومپیو کے مطابق اس وقت وزارت خارجہ کا عملہ مایوسی کا شکار ہے اور وہ منصب سنبھالنے کے بعد انہیں اس صورت حال سے باہر نکالنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔