1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اردن کے شاہ کا سیاسی اصلاحات کا وعدہ

13 جون 2011

اردن کے حکمران شاہ عبداللہ نے اتوار کو اپنی ایک تقریر کے دوران ملک کے اندر سیاسی اصلاحات متعارف کروانے کے بتدریج عمل کا وعدہ کیا ہے۔ ان کے خیال میں ممکنہ مظاہرے انتشار کا سبب بنیں گے۔

https://p.dw.com/p/11ZBP
اردن کے مظاہرینتصویر: AP

اردن کے بطور ریاست کے قیام کے نوے سال مکمل ہونے کے علاوہ اقتدار پر براجمان ہونے کی بارہویں سالگرہ کے موقع پر شاہ عبداللہ نے قوم سے خصوصی خطاب کیا۔ اس خطاب کے دوران انہوں نے نئے انتخابی عمل کی حمایت کرتے ہوئے مزید سیاسی اصلاحات کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اپنی تقریر میں شاہ نے ایک با اختیار قانون ساز ادارے کو وقت کی ضرورت قرار دیا جو دستور میں مناسب ترامیم کرنے کا مجاز ہو۔ انہوں نے تیز تر اصلاحات کا بھی اپنی تقریر میں ذکر کیا۔

حال ہی میں پیش کی جانے والی تجویز کے مطابق اب ملکی کابینہ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا بندوبست کیا جائے گا۔ اس سے قبل شاہ خود ہی ملک کے لیے ایک وزیر اعظم نامزد کرتا تھا اور وہ اپنی کابینہ کے لیے وزراء کا بعد میں انتخاب کیا کرتا ہے۔ اب نئی تجویز کے تحت ملک کے لیے وزیر اعظم کا انتخاب عوامی ووٹوں پر ہو گا۔

Proteste in Amman NO FLASH
اردن میں بھی سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کیا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اپنی تقریر کے دوران شاہ عبداللہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئے انتخابی عمل میں ملک کے تمام عوام شریک ہو کر اسے کامیاب بنائیں گے۔ اس طرح ان کے اپنے نمائندے پارلیمنٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ دوسری جانب شاہ عبداللہ کی تقریر پر مذہبی جماعتوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سیاسی اصلاحاتی عمل کو انتہائی محدود قرار دیا ہے۔ وہ پہلے ہی اس کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس انتخابی تجویز کا اعلان چند روز قبل کیا گیا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ اردن کے اندر بھی سیاسی اصلاحات کے مطالبے کے تناظر میں کئی ہفتوں سے ہلکے پھلکے مظاہروں اور احتجاجات کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت مخالف مذہبی گروپوں کے مطابق تازہ اصلاحات بھی ایک کمیٹی نے تجویز کی ہیں جو ان کے مظاہروں کا نتیجہ ہے۔ اردن کا دارالحکومت عمان حکومت مخالفین کی سرگرمیوں کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔

حکمران شاہ عبداللہ کے حامیوں کا خیال ہے کہ ہاشمی بادشاہت اردن کے اندر قبائلیوں اور فلسطینی نژاد اردنی آبادی کے درمیان ایک رابطے اور مفاہمت کا پل ہے۔ اس کے بغیر ملک انتشار کا شکار ہو سکتا ہے۔ ان دنوں شاہ عبداللہ کی حکومت کو مذہبی مخالفین کے ساتھ ساتھ بائیں بازو کی مضبوط اپوزیشن کے احتجاجات کا سامنا ہے۔ اردن کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اخوان المسلمون ہے۔ یہ اور دوسرے سیاسی گروپ ملک میں تبدیلیوں کی راہ میں حکومت کو رکاوٹ خیال کرتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں