1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی حکومت کے مالیاتی بانڈ کی ریٹنگ میں تنزلی

5 اکتوبر 2011

حکومتوں کی مالیاتی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے ادارے موڈیز نے اطالوی حکومت کے مالیاتی بانڈ کی ریٹنگ کم کردی ہے۔ یورپی مالیاتی بحران میں اس تنزلی سے پریشانی کی لہر یقینی طور پر پیدا ہو گی۔

https://p.dw.com/p/12ljm
تصویر: picture alliance/dpa

سرمایہ کاری کے رجحانات پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی شہرت کی حامل موڈیز کارپوریشن نے منگل کے روز یورپی ملک اٹلی کے مالیاتی بانڈ کی کریڈٹ ریٹنگ کو کم کردیا ہے۔ کریڈٹ ریٹنگ پر نگاہ رکھنے والی کارپوریشن کے نزدیک اس تنزلی کی وجہ حکومت پر قرضوں کا بھاری بوجھ ہے۔ بین الاقوامی اقتصادیات میں پیدا شدہ ہلچل کے تناظر میں موڈیز کا یہ فیصلہ یورپی مالیاتی بحران کو مزید گہرا کر سکتا ہے۔

Standard Poor Ratingagentur
ریٹنگ ایجنسیاں اٹلی کی اقتصادیات پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

موڈیز کارپوریشن نے روم حکومت کے مالیاتی بانڈ کی ریٹنگ کوAA2 کے بجائے A2 کردیا ہے۔ مبصرین کے نزدیک موڈیز کی جانب سے ریٹنگ میں کمی کے باوجود اٹلی کی حکومت کے حالات یونان سے بہت بہتر ہیں اور اس کے دیوالیہ ہونے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ گزشتہ ماہ ستمبر کی انیس تاریخ کو ایک اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پُوئرز نے بھی اٹلی کی ریٹنگ میں ایک درجے کی کمی کا اعلان کیا تھا۔ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے کمی کے اعلان کے باوجود ابھی بھی یہ درجہ بندی اٹلی کی اقتصادیات کو کاٹھ کباڑ یا جنک قرار دینے سے پانچ درجے بلند ہے۔

 موڈیز نے ریٹنگ کم کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی اقتصادیات کا استحکام حالیہ ہفتوں کے دوران شکوک کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔ موڈیز کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ  یورو کرنسی کے اندرونی ڈھانچے میں پیدا شدہ تبدیلی کے بعد اٹلی کی معاشی صورت حال میں پیدا ہونے والی کمزوریوں کے تناظر میں اس کی ریٹنگ کسی طور ڈبل اے کے مساوی قرار نہیں دی جا سکتی۔

Italien Finanzen Sparen Proteste in Rom FLASH-GALERIE
یورپی قرضے کے بحران کے خلاف روم میں مظاہرہتصویر: picture alliance/dpa

اقتصادی مبصرین کا خیال ہے کہ اٹلی کی اقتصادی ترقی سالانہ بنیاد پر بلند ہونے کے بجائے گرنے کے عمل سے گزر رہی ہے اور اس دوران حکومتی قرضوں کا حجم بھی وسیع ہونے لگا ہے۔ یورپی مرکزی بینک نے اٹلی کی حکومت کو بجٹ میں غیر ضروری اخراجات میں کمی لانے کے علاوہ کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کا مشورہ دے رکھا ہے۔ ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ اگر روم حکومت مناسب اور بروقت اقدامات نہیں اٹھاتی تو وہ بھی یونان کی  طرح قرضے کے بوجھ تلے دب سکتی ہے۔ اٹلی کے وزیراعظم نے صورت حال پر قابو پانے کی ابھی ابتداء کی ہے۔

دوسری جانب اٹلی کے وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی نے موڈیز کی جانب سے ریٹنگ کم کرنے کے اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی توقع کر رہے تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی حکومت بجٹ میں کفایت شعاری کے پلان کو شامل کرنے کے مقصد کو فوقیت دیے ہوئے ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  حماد کیانی

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں