1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان الیکشن میں دھاندلی غیر ملکیوں نے کی، کرزئی

1 اپریل 2010

افغان صدر کرزئی نے جمعرات کوگزشتہ سال کے صدارتی الیکشن میں وسیع تر دھاندلی سے متعلق بین الاقوامی برادری کے الزامات رد کئے اور اس دھاندلی کا ذمہ دار غیرملکی سفارتخانوں، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے اہلکاروں کو ٹھہرایا۔

https://p.dw.com/p/MlIs
باراک اوباما کے حالیہ دورے کے دوران کابل میں ان کی صدر حامد کرزئی کے ساتھ لی گئی ایک تصویرتصویر: AP

حامد کرزئی نے اپنا یہ بیان امریکی صدر باراک اوباما کے اس حالیہ لیکن اولین دورہء افغانستان کے محض چند ہی روز بعد دیا ہے، جس میں باراک اوباما نے صدر کرزئی کو مذاکرات کے لئے امریکہ کے دورے کی دعوت دی تھی۔

امریکی صدر کی طرف سے اپنے افغان ہم منصب کو دی گئی اس دعوت سے تجزیہ نگاروں نے فوری طور پر یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ باراک اوباما حامد کرزئی سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ افغانستان سے بدعنوانی کے جلد از جلد خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ اسی پس نظر میں صدر اوباما نے واپس امریکہ پہنچنے پر افغانستان میں کرپشن کے خلاف اقدامات کو انتہائی سست رفتار قرار دیا تھا۔

Afghanistan Wahlen Harmid Karsai Pressekonferenz in Kabul
افغان صدرنے کہا کہ دھاندلی افغانیوں نے نہیں غیر ملکیوں نے کیتصویر: picture alliance / dpa

امریکہ کا افغانستان کی موجودہ صورت حال پر کم تر اطمینان اور گزشتہ برس کے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں وسیع تر دھاندلیوں کی رپورٹوں کے تناظر میں حامد کرزئی نے جمعرات کو ملکی دارالحکومت کابل میں افغان الیکشن کمیشن کے کارکنوں کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ صدارتی الیکشن اور صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے دوران جعلسازی ہوئی تھی۔ ’’ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان انتخابات میں دھاندلی اور دھوکہ دہی ہوئی تھی، وسیع پیمانے پر دھوکہ دہی۔‘‘

لیکن ساتھ ہی افغان صدر نے یہ بھی کہا کہ یہ ’’دھاندلی افغانیوں نے نہیں کی تھی، بلکہ یہ کام غیر ملکیوں نے کیا تھا۔‘‘ حامد کرزئی نے اس سلسلے میں جن دو شخصیات کا خاص طور پر نام لے کر ذکر کیا، ان میں سے ایک افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کے سابق نائب سربراہ پیٹر گیلبریتھ ہیں، جنہیں انتخابات میں دھاندلی کی شکایات سے مبینہ طور پر مناسب انداز میں نہ نمٹ سکنے کے باعث پیدا ہونے والے اختلاف رائے کے بعد ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

افغان صدر نے نام لے کر جس دوسری غیر ملکی شخصیت کو ملک میں انتخابی دھاندلیوں کا ذمہ دار قرار دیا، وہ یورپی یونین کے انتخابی مبصرین کے مشن کے سربراہ فیلیپ موریاں تھے۔ حامد کرزئی نے افغان الیکشن کمیشن کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے فرائض ’’انتہائی مشکل حالات‘‘ میں انجام دئے۔

Schweiz Davos Weltwirtschaftsforum Abdullah Abdullah Afghanistan
حامد کرزئی کے انتخابی حریف دوسرے مرحلے کی رائے دہی سے پہلے ہی دھاندلی کے الزامات لگا کر مقابلے سے دستبردار ہو گئے تھےتصویر: AP

حامد کرزئی کے بقول افغان صدارتی انتخابی نتائج کے حوالے سے جعلسازی اور دھاندلی کا مرکز اقوام متحدہ کے نمائندے کے نائب کا دفتر تھا۔ ’’وہیں سے اس دھاندلی کی تیاری کی گئی، اس منصوبے پر عمل درآمد کا انتظام کیا گیا، اور پھر بین الاقوامی میڈیا کو دانستہ طور پر ایسی رپورٹیں شائع کرنے کے لئے کہا گیا جن میں ہم پر انتخابی بے قاعدگیوں اور دھوکہ دہی کے الزام لگائے گئے۔‘‘

یہ پہلا موقع ہےکہ اس وقت دوسری مدت کے لئے اپنے فرائض انجام دینے والے افغان صدر کرزئی نے گزشتہ برس کے صدارتی الیکشن کے حوالے سے دھوکہ دہی کا واحد قصوروار بین الاقوامی برادری اور اداروں کو ٹھہرایا ہے۔ حامد کرزئی نے نام لئے بغیر کہا کہ اس دھاندلی میں چند غیر ملکی سفارت خانے بھی ملو‌ث تھے، جنہوں نے رشوت کے طور پر ملکی الیکشن کمیشن کے ارکان کو قیمتی بلٹ پروف گاڑیاں دینے کی پیشکشیں بھی کی تھیں۔

افغانستان میں 20 اگست کو ہونے والے صدارتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں حامد کرزئی کے حق میں ڈالے گئے پانچ لاکھ سے زائد ووٹوں کو انتخابی شکایات کے کمیشن ECC نےمنسوخ کر دیا تھا۔ حامد کرزئی نے صدر کے طور پر دوسری مدت کے لئے اپنے عہدے کا حلف پچھلے سال 19 نومبر کو اٹھایا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں