1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'افغان امن عمل میں امریکا کو پاکستان کی حمایت حاصل ہے'

بینش جاوید
20 مئی 2021

افغان امن عمل میں امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ خطے کے لیے اقتصادی ترقی انتہائی اہم ہے۔ افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے پاکستان طالبان پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر  رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3tf07
تصویر: Reuters/O. Sobhani

امریکی کانگریس میں خارجہ امور کی کمیٹی  کی سماعت کے دوران امریکی کانگریس ویمن سارا جیکبز کی جانب سے خلیل زاد سے پوچھا گیا کہ افغان امن عمل کو پائیدار بنانے میں کن چیلجنز کا سامنا ہے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکا  ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ یہ امن عمل کامیاب ہو۔'' ہمیں موجودہ حالات میں مذاکراتی عمل کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی حوصلہ افزا حمایت حاصل ہے۔''

پاکستان کا کردار

خلیل زاد کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو طالبان پر اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ امریکا کے نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا طالبان اور افغان حکومت دونوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔  انہوں نے کہا طالبان کے کچھ مطالبات ہیں جیسے کہ  وہ کابل حکومت کی جانب سے قیدیوں کی رہائی چاہتے ہیں، وہ ان قیدیوں کے نام اقوام متحدہ اور امریکا کی کالعدم ناموں کی فہرستوں سے نکلوانا چاہتے ہیں جن کو پورا کر کے ہم کچھ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ جنگ کئی برسوں سے جاری ہے، کچھ اس سے منافع بھی کما رہے ہیں لیکن امریکا اس جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

افغانستان کے ساتھ مذاکراتی عمل  میں پاکستان کے کردار سے متعلق  زلمے خلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل باجوہ سمجھتے ہیں کہ مستقبل اقتصادی مفادات میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا،'' پاکستان کو اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن میری رائے میں جنرل باجوہ کا حالیہ دورہء کابل کافی مثبت تھا۔''

خطے کا استحکام

زلمے خلیل زاد نے امریکی امور خارجہ کی کمیٹی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ افغان صدر غنی سمجھتے ہیں کہ امن معاہدے کے ذریعے ہی خطے میں امن اور استحکام آ سکتا ہے لیکن اس معاہدے کی کامیابی کے لیے اسے افغان عوام، خواتین  اور تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا،'' افغانستان کو خطے کی پراکسی جنگ کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، لہٰذا خطے کا کردار بہت اہم ہے اور ہم یہی کوشش کر رہے ہیں کہ اس امن معاہدے کو خطے کی حمایت حاصل ہو۔'' خلیل زاد نے کہا کہ خطے کی ترقی کے لیے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور افغانستان کے مابین تجارتی رابطہ  بہت اہم ہے۔