افغان پائلٹ کی فائرنگ سے چھ غیر ملکی فوجی ہلاک
27 اپریل 2011نیٹو کی افغانستان متعین سلامتی کی بین الاقوامی فورس ISAF نے اپنے چھ اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پالیسی کے تحت مارے جانے والوں کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان محمد ظاہر عظیمی نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ عظیمی کے بقول، '' صبح 11 بجے افغان پائلٹ اور اس کے غیر ملکی ساتھیوں کے مابین بحث ہوئی، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس میں ہلاکتیں ہوئیں۔'' بتایا جا رہا ہے کہ جوابی فائرنگ میں پائلٹ بھی مارا گیا ہے۔
ایک حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ 50 سالہ پائلٹ کابل کے ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور فائرنگ کا یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی نہیں بلکہ تلخ کلامی کا نتیجہ تھا۔
ISAF کے ترجمان میجر ٹم جیمز نے اس سے قبل کہا تھا کہ، '' ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ہوائی اڈے کے احاطے میں قائم افغان ایئر فورس کے کمپاؤنڈ کے اندر یہ واقعہ پیش آیا جس میں چھوٹے ہتھیار استعمال ہوئے۔'' ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ کابل کے ہوائی اڈے کے پاس قائم نیٹو کے ایئر ٹریننگ کمپاؤنڈ میں رونما ہوا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہوائی اڈے کے پاس فائرنگ اور سائرن بجنے کی آوازیں سُنی گئیں اور بعد میں وہاں افغان فوجیوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔
طالبان کے ایک ترجمان نے دعویٰ ہے کہ فوجی وردی میں ملبوس ان کے ایک جنگجو عزیز اللہ نے کمپاؤنڈ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نو غیر ملکی اور پانچ افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ رواں ماہ کی 18 تاریخ کو بھی ایسے ہی ایک واقعے میں افغان وزارت دفاع کی عمارت میں داخل ہوکر دو افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ صوبہ فاریاب میں کی گئی ایسی ہی دوسری کارروائی میں دو غیر ملکی فوجی ماہرین کو ہلاک کیا گیا۔ اب تک ایسے ہی دیگر واقعات میں لگ بھگ 20 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
افغان سکیورٹی دستوں میں جاری بھرتی کے عمل کے سبب ایسے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ انتہا پسند طالبان اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ساتھی فوج اور پولیس میں بھرتی کر رہے ہیں۔ افغانستان میں لگ بھگ ایک لاکھ تیس ہزار غیر ملکی فوجی متعین ہیں۔ نیٹو کی جانب سے رواں سال غیر ملکیوں کے انخلاء کا عمل شروع کرنے اور 2014ء تک سلامتی کی ذمہ داری مکمل طور پر افغان فورسز کو سونپنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حالیہ واقعات ان رکاوٹوں کی عکاسی کرتے ہیں جو شورش زدہ افغانستان سے غیر ملکی فوج کے انخلاء کی راہ میں حائل ہیں۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عابد حسین