القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کا نیا ویڈیو پیغام
12 اکتوبر 2011ساتھ ساتھ الظواہری نے کہا ہے کہ اب جبکہ نیٹو کی مدد سے باغیوں نے طویل عرصے سے حکمران چلے آ رہے معمر القذافی کی حکومت ختم کر دی ہے، اُنہیں ملک کی تعمیر نو کرتے وقت وہاں شرعی قوانین نافذ کرنے چاہییں۔
اس پیغام کا جو ترجمہ وَیب سائٹس پر نظر رکھنے والی امریکی سروس SITE کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے، اُس کے مطابق الظواہری نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو ایک ’مغربی گینگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا:’’پہلی چیز، جس کا مطالبہ یہ نیٹو اتحاد آپ سے کرے گا، یہ ہو گی کہ آپ اسلام کو ترک کر دیں۔ مغرب اور اُس کے آلہء کار عناصر کی سازشوں سے خبردار رہیں کیونکہ آپ ایک نئی ریاست تعمیر کر رہے ہیں۔ اُنہیں یہ موقع مت دیں کہ وہ آپ کو دھوکہ دیں اور آپ کی قربانیوں اور مصائب کا صلہ لے اڑیں۔‘‘
الظواہری نے الجزائر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے:’’تیونس اور پھر لیبیا میں آپ کے بھائیوں نے دو آمر حکمرانوں کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا ہے تو پھر آپ کیوں نہیں اپنے مطلق العنان حکمران کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے؟‘‘ واضح رہے کہ بوتفلیکا کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرے تو ہوئے ہیں لیکن سکیورٹی فورسز اُن پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہیں۔
SITE کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تیرہ منٹ دورانیے کی اس ویڈیو میں الظواہری کو سفید کپڑوں میں ملبوس ایک ایسی کرسی پر بیٹھے دکھایا گیا ہے، جس پر کپڑا چڑھا ہوا ہے۔
مصر سے تعلق رکھنے والا عسکریت پسند ایمن الظواہری، جو طویل عرصے تک اُسامہ بن لادن کے نائب کے طور پر القاعدہ کا دوسرے نمبر کا لیڈر رہا ہے، دو مئی کو پاکستان میں امریکی کمانڈوز کے ہاتھوں بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے اس دہشت گرد تنظیم کا سربراہ بن چکا ہے اور آج کل امریکہ کو سب سے زیادہ مطلوب شخص ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: افسر اعوان