1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ کے سربراہ کا بھارتی مسلم طالبہ کے نام تعریفی پیغام

جاوید اختر، نئی دہلی
6 اپریل 2022

 ایمن الظواہری نے بھارتی صوبے کرناٹک میں حجاب مخالفین کے سامنے 'اللہ اکبر' کا نعرہ بلند کرنے والی بھارتی طالبہ مسکان خان کی ایک ویڈیو میں تعریف کی ہے۔ اس ویڈیوسے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ ابھی زندہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/49WUO
Aiman az-Zawahiri Videobotschaft
تصویر: Reuters/SITE

القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کا نو منٹ کا یہ ویڈیو اس انتہاپسند تنظیم کے آفیشیل میڈیا ادارے السحاب نے منگل پانچ اپریل کی رات کو جاری کیا ہے۔ "حرۃ الہند" کے نام سے جاری اس ویڈیو کی امریکی انٹلیجنس گروپ سائٹ (SITE) نے بھی تصدیق کی ہے۔

ایمن الظواہری اس ویڈیو میں کرناٹک کی مسکان خان نامی اس باحجاب مسلم طالبہ کی تعریف کرتے ہوئے نظرآتے ہیں، جس نے اپنے کالج میں شدت پسند ہندو نوجوانوں کی طرف سے "جے شری رام"کے نعرے کے جواب میں اپنا ہاتھ بلند کرتے ہوئے "اللہ اکبر" کے نعرے لگائے تھے۔

الظواہری نے کیا کہا ہے؟

الظواہری یہ کہتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ تکبیر بلند کرنے والی اپنی ایک"بہن" کے اس عمل سے وہ اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے اس کی تعریف میں نظم لکھنے کا فیصلہ کیا۔

ایمن الظواہری نے برصغیر کے لوگوں کو "بھارت کی کافر ہندو جمہوریت"کی چالوں سے بچنے کا بھی مشورہ دیا جو ان کے مطابق مسلمانوں پر ظلم و جبر کے آلہ کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا،"دھوکہ دہی کا یہ وہی آلہ ہے جس کی حقیقت فرانس، ہالینڈ اور سوئٹزرلینڈ میں اجاگر ہوچکی ہے جہاں انہوں نے عریانی کی تو اجازت دے رکھی ہے لیکن حجاب  پر پابندی عائد کردی ہے۔"

القاعدہ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا، "ہمیں یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کہ ہماری کامیابی شریعت پر چلنے میں اور چین سے لے کر اسلامی مغرب تک اور قفقاز سے لے کر صومالیہ تک امت واحدہ کے طورپر متحد ہونے میں ہے۔"

پاکستان کی بھی نکتہ چینی

القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے بھارت کے علاوہ دیگر جنوب ایشیائی ملکوں کی بھی نکتہ چینی کی۔

انہوں نے اپنے ویڈیو میں ان مسلم ملکوں کو"مغرب کا اتحادی" قرار دیتے ہوئے کہا،"بالخصوص پاکستان اور بنگلہ دیش میں ہم پر جو حکومتیں مسلط ہیں وہ ہمارا دفاع نہیں کرتیں۔ اس کے برخلاف وہ ان دشمنوں کی حمایت کرتی ہیں جو ہمارے خلاف جنگ کررہی ہیں۔"

اسامہ بن لادن کے جانشین ایمن الظواہری کا بھارت کے حوالے سے اس سے پہلے ویڈیو سن 2014میں منظر عام پر آیا تھا۔ جس میں انہوں نے 'جماعت قیادت الجہاد فی شبیہ القرات الہندیہ'نامی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ القاعدہ کو اس میں اب تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا تھا، "بھارت کے برادران اسلام ہم نے آپ کو فراموش نہیں کیاہے"۔ انہوں نے خطے کے مسلمانوں سے "اللہ احد" کے نعرے کے تحت متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ القاعدہ نے "بھارت میں برطانیہ کے ذریعہ قائم کردہ تمام سرحدوں" کو توڑ دینے کا عزم کررکھا ہے۔

Proteste gegen Hidschab-Verbot an Schulen in Indien
حجاب کے حق میں بھارت میں ملک گیر مظاہرے ہوئےتصویر: Rupak De Chowdhuri/REUTERS

ایمن الظواہری کے زندہ ہونے کا ثبوت

منگل 5 اپریل کو جاری جواہری کے نئے ویڈیو سے یہ پتہ چلتا ہے کہ دنیا کے "مطلوب ترین"جہادی دہشت گردوں میں سے ایک فی الحال نہ صرف زندہ ہیں بلکہ مسکان خان کی تعریف سے یہ بھی ظاہرہوتا ہے کہ وہ حالات حاضرہ پر باریک نگاہ بھی رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ سن 2020کے اواخر میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ ایمن الظواہری کی موت ہوچکی ہے۔ تاہم بعد میں پتہ چلا کہ وہ زندہ ہیں اور افغانستان میں کسی جگہ موجود ہیں۔  امریکہ نے جواہری کے سر پر 25 ملین ڈالر انعام مقرر کررکھا ہے۔

بھارت میں حجاب تنازعہ عالمی توجہ کا باعث بن گیا