امریکا:فائرنگ میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک
17 مارچ 2021اٹلانٹا اور اس سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور شیروکی کاؤنٹی میں منگل کے روز ایک حملہ آور نے مساج پارلروں پر فائرنگ کر کے کم ازکم آٹھ لوگوں کو ہلاک کر دیا۔ مرنے والوں میں میں چھ ایشیائی خواتین شامل ہیں۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
پولیس چیف راڈنی برائنٹ نے بتایا کہ اٹلانٹا میں فائرنگ کا یہ واقعہ سڑک کے دونوں طرف واقع دو مساج پارلروں میں پیش آیا۔ وہاں چار افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو شام چھ بجے فون پر ایک جگہ 'ڈاکہ زنی‘ کی اطلاع ملی۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں تین عورتوں کو مردہ پایا۔
پولیس چیف نے بتایا کہ پولیس اس واقعہ کی ابتدائی تفتیش کر ہی رہی تھی کہ اسے سڑک کے دوسری طرف واقع ایک سپا سے فون کال موصول ہوئی، جہاں گولی لگنے سے ایک عورت کی موت ہوگئی تھی اور ایک دیگر زخمی ہو گئی تھی۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ
قبل ازیں تقریباً پانچ بجے شام کو ایکورتھ میں بھی ایک مساج پارلر میں فائرنگ میں پانچ افراد کو گولی مار دی گئی۔ ان میں سے دو کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ تین دیگر زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن ان میں سے دو ہسپتال میں چل بسے۔
شیروکی قصبے کے شیرف کے ترجمان کیپٹن جے بیکر نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اٹلانٹا اور شیروکی دونوں مقامات پر مساج پارلروں پر ہونے والے حملوں میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
ایک شخص گرفتار
ان ہلاکت خیز حملوں سلسلے میں پولیس نے منگل کے روز ایک اکیس سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اسے ان واقعات کے چند گھنٹے بعد جنوب مغرب جارجیا سے گرفتار کیا گیا۔
شیروکی کاؤنٹی کے حکام نے اس گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا متاثرین کوان کی نسل کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا تھا۔
ج ا/ش ح (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)