1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اپنے موٹاپے پر قابو پائیں، اوباما انتظامیہ

1 فروری 2011

امریکہ نے اپنے شہریوں کے لیے ’رہنما اصول برائے غذا‘ جاری کر دیے ہیں، جن میں انہیں خوراک میں نمک اور چکنائی کا استعمال کم کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سبزیاں اور پھل کھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/108Gw
تصویر: picture alliance/dpa

اوباما انتظامیہ نے یہ رہنما اصول پیر کو جاری کیے۔ عوام کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ میٹھے مشروبات کا استعمال ترک کرتے ہوئے پانی پیئں اور مجموعی طور پر خوراک بھی کم کر دیں۔

امریکی سیکریٹری برائے زراعت ٹام وِلسیک نے یہ ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بہت موٹے ہیں۔ امریکہ میں ایک تہائی بچے اور دو تہائی بالغ افراد موٹاپے کا شکار ہیں۔

وِلسیک نے کہا، ’اس کا حل یہ ہے کہ بیشتر امریکیوں کو اپنی کمر کا سائز کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ غذا کی وجہ سے لاحق ہونے والی بیماریوں کا خطرہ کم کیا جا سکے۔‘

عوامی مفاد کے مرکز برائے سائنس میں غذائی پالیسی کے سربراہ مارگو ووٹان کہتے ہیں کہ یہ رہنما اصول صارفین کے لیے دستیاب ہیں، تاہم بنیادی طور پر انہیں غذا سے متعلق تعلیمی پروگراموں، اسکولوں میں فراہم کیے جانے والے کھانوں، بزرگوں کے لیے دستیاب ’میلز آن ویلز‘ اور ڈاکٹروں اور نرسوں کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکی محکمہ زراعت نے قبل ازیں رواں ماہ ایک مجوزہ اصول جاری کیا تھا، جس سے اسکولوں میں دیے جانے والے ناشتے اور دوپہر کے کھانے میں پتوں والی سبزیوں کا استعمال زیادہ کرنے کے ساتھ آلو اور مکئی جیسی سبزیوں کا استعمال کم کرنا مقصود تھا۔

خوراک اور غذائی سروس کی جین ڈینیئل کہتی ہیں کہ یہ اصول غذا کے رہنما اصولوں سے الگ ہے، لیکن پھر بھی ان سے مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں کا اطلاق 2012-13ء کے تعلیمی سال تک متوقع نہیں۔

Pommes Frites
ان اصولوں میں آلو کھانے کی بھی حوصلہ شکنی کی گئی ہےتصویر: BilderBox.com

دوسری جانب صارفین کے گروپوں نے کہا ہے کہ اس مرتبہ جاری کیے گئے اصول زیادہ عام فہم ہیں۔ انہوں نے غذائی عادات کی تبدیلی کے لیے جاری کیے گئے مشوروں پر اوباما انتظامیہ کو سراہا ہے۔

وِلسیک کا بھی یہ کہنا ہے، ’موٹاپے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اصول مرتب کرنا اہم ہے۔‘

اس اصول نامے میں عوام کے لیے 23 جبکہ حاملہ خواتین سمیت مخصوص گروپوں کے لیے چھ اہم سفارشات پیش کی گئی ہیں۔

اُدھر نیشنل کیٹل مینز بیف ایسوسی ایشن، امریکن میٹ انسٹیٹیوٹ اور دیگر گروپوں نے متوازن غذا کے اصولوں میں گوشت کو شامل کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں