امریکی صدارتی الیکشن چار نومبر2008 : امیدواروں کا تعارف
4 نومبر 2008امریکہ میں سن دو ہزار نو سے چار سال کی مدت کے لئے نئے صدر کا انتخاب آج ہو رہا ہے۔ کون بنے گا امریکی صدر؟ باراک اوبامہ یا جان میک کین، ویسے سن دو ہزار آٹھ کےامریکی صدارتی الیکشن میں کُل چار امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ آپ کے لئے امیدواروں کا مختصر تعارف پیش ہے:
Robert Barr Jr
رابرٹ بار کا پورا نام Robert "Bob'' Laurence Barr Jr ہے۔ وہ امریکی ریاست Iowa کے Iowa city میں پیدا ہوئے تھے۔ آج کل وہ امریکی ریاست جورجیا میں رہائش پذیر ہیں۔ وہ ایک فوجی افسر جو کہ سول انجینئر تھے، کے بیٹے ہیں۔ اُن کا بچپن زیادہ تر غیر ممالک میں بسر ہوا۔ جن میں ملائشیا اور پاکستان بھی شامل ہیں۔ ہائی سکول تک تعلیم ایران میں مکمل کی۔ امریکہ لوٹنے کے بعد جنوبی کیلی فورنیا یونی ورسٹی سے بقیہ تعلیم مکمل کی۔ نوجوانی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکن کے طور پر ویتنام جنگ کے خلاف مظاہروں میں حصہ لیتے رہے۔ سن اُنیس سو ستر میں انہوں نے دارالحکومت واشنگٹن میں واقع جورج واشنگٹن یونی ورسٹی سے تعلقات بین الاقوام میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی۔ وہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے میں خفیہ معلومات کے تجزیہ کار بھی رہے ہیں۔ اِسی عرصے میں انہوں نے جورج ٹاؤن یونی ورسٹی سے قانون کی تعلیم بھی مکمل کی۔ وہ سن اُنیس سو چوراسی سے عملی سیاست میں ہیں۔ امریکی صدر رونا لڈ ریگن نے اُن کو جورجیا کے ایک ضلع کا سرکاری وکیل بنایا۔ سن اُنیس سو بانوے میں امریکی سینٹ کے انتخاب میں شکست کھائی۔ بعد میں سن اُنیس سو چورانوے سے سن دو ہزار تین تک امریکی کانگریس کی سیٹ جیتتے رہے ہیں۔
John S. McCain III
جان مککین کا تعارف اتنا اہم نہیں کیونکہ وہ بڑی سیاسی جماعت ری پبلکن کے نامزد امیدوار ہیں۔ آج کل سبھی اُن سے آگاہ ہیں۔ اُن کے والد اور دادا امریکی بحریہ میں ایڈمِرل رینک کے افسران تھے۔ اِس مناسبت سے وہ بھی بیس سال تک امریکی بحریہ میں نوکری کرتے رہے ہیں۔ جس کے دوران وہ ویت نام میں بھی تعینات رہے۔ اُن کے جہاز کو دوران جنگ ہنوئی میں نشانہ بنایا گیا۔ اِس حادثے میں اُن کے بازووں کے علاوہ کندھا اور ٹخنہ بھی ٹوٹ گیا۔ شمالی ویت نام میں گرفتار ہونے کے بعد اُن کو ساڑھے پانچ سال تک ویتنامی جیلوں میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بحریہ سے ریٹائر منٹ کے بعد عملی سیاست میں داخل ہوئے اور سن اُنیس سو بیاسی میں امریکی کانگریس کا حصہ بنے۔ وہ دو مدت کے لئے ایوانِ نمائندگان کے رکن بھی رہ چکے ہیں اور بعد میں مسلسل ایوانِ بالا یا سینٹ کے رُکن چلے آ رہے ہیں۔ سن دو ہزار آٹھ کے امریکی صدارتی الیکشن کے دوران اُن کی جذبات سے بھری تقاریر خاصی اہمیت کی حامل تھیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطا بق وہ، اپنے سب سے بڑے مخالف ڈیمو کریٹ امیدوار باراک اوباما کی سبقت کو مسلسل مگر آ ہستگی سے کم کر رہے ہیں۔ اگر جان مککین صدر منتخب ہوتے ہیں تو وہ سب زیادہ معمرصدر بننے کا اعزاز حاصل کریں گے۔
Ralph Nader
امریکی صدارتی الیکشن کے تیسرے امیدوار رالف نادر Ralph Nader کا شہر پیدائش Winsted ہے جو امریکی ریاست Connecticut میں واقع ہے۔ وہ مشہور زمانہ پرنسٹن یونی ورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے عالم میں مشہور ہارورڈ لاء سکول سے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ سن اُنیس سو تریسٹھ میں نائب وزیر محنت ڈینئل پیٹرک کے ساتھ بھی کام کرتے رہے ہیں۔ دو تین اخبارات کے ساتھ بطور فری لانس کے منسلک بھی رہے۔
امریکی موٹر گاڑیوں کے بارے میں خاصی ریسرچ کرتے رہے ہیں۔ وہ امریکہ میں کنزیمور کے حقوق کے داعی خیال کئے جاتے ہیں۔ گرین پارٹی کے ٹکٹ پر سن اُنیس سو چھیانوے اور دو ہزار میں صدارتی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سن دو ہزار میں اُن کے حاصل کردہ ووٹوں سے ڈیمرکریٹ امیدوار الگور کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا تھا۔ سن دو ہزار چار میں وہ آزاد صدارتی امیدوار تھے اور اِس الیکشن میں بھی وہ آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ رالف نادر ابھی تک شادی کے بندھن میں نہیں بندھے ہیں۔
Barack Obama
امریکی ریاست ہوائی میں پیدا ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار باراک اوباما کو سن دو ہزار آٹھ کے صدارتی الیکشن کا مضبوط ترین امیدوار خیال کیا جا رہا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق وہ اپنے قریب ترین حریف جان میک کین پر سبقت حاصل کئے ہوئے ہیں۔ ہوائی یونی ورسٹی کے علاوہ کولمبیا یونی ورسٹی کے ساتھ بھی وابستہ رہے ہیں۔ شکاگو میں اُنہوں نے بطور کمیونٹی آرگنائزر کے بھی کام کیا ہے۔ بل کلنٹن کی صدارتی مہم میں وہ زور شور سے شریک تھے۔ شکاگو یونی ورسٹی کے سینئر انسٹرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ سن دو ہزار چار میں امریکی سینٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ اوبامہ چار اگست سن اُنیس سو اکسٹھ میں پیدا ہوئے تھے۔