انخلاء، ہلاکتيں اور بمباری: يوکرين ميں جنگ کی تازہ صورتحال
8 مئی 2022يوکرين کے مشرقی لوہانسک کے خطے ميں خدشہ ظاہر کيا جا رہا ہے کہ ايک اسکول کی عمارت پر روسی بمباری کے نتيجے ميں ہلاکتوں کی تعداد ساٹھ تک پہنچ سکتی ہے۔ روسی فورسز نے ہفتے کی سہ پہر مذکورہ عمارت کو نشانہ بنايا، جس ميں نوے افراد پناہ ليے ہوئے تھے۔ بمباری کے نتيجے ميں عمارت میں آگ لگ گئی اور بعد ازاں وہ منہدم ہو گئی۔ اب تک دو افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے مگر علاقائی گورنر نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ ملبے تلے دبے تقريباً ساٹھ افراد کے بچنے کا امکان نہیں ہے۔
يوکرينی قوم پرست انخلاء ميں رکاوٹ ڈال رہے ہيں، روس
یوکرین میں روسی فوج کشی کا ذمہ دار امریکا ہے، ایمن الظواہری
یوکرین میں جنگ: جرمن اسلحہ ساز کمپنی کے کاروبار میں اضافہ
ايمرجنسی سروسز نے تيس افراد کی جان بچا لی، جن ميں سے سات زخمی بتائے جا رہے ہيں۔ يہ بمباری بلوگوروکا کے گاؤں ميں کی گئی۔ لوہانسک اور ڈونيٹسک ڈونباس کے خطے ميں آتے ہيں۔ کييف اور يوکرين کے ديگر حصوں ميں پيش قدمی سست رہنے کے سبب روس نے اپنی توجہ مشرق ميں اس خطے کی جانب کر رکھی ہے اور وہاں حاليہ دنوں ميں بھاری بمباری جاری ہے۔
جی سيون کا اجلاس، يوکرينی صدر کی شرکت متوقع
اتوار آٹھ مئی کو ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی سيون کا ايک اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس ميں مرکزی موضوع يوکرين پر روسی حملہ ہے۔ ويڈيو کانفرنس کی شکل ميں ہونے والے اس اجلاس ميں امريکا، برطانيہ، کينيڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے سربراہان شرکت کر رہے ہيں اور امکان ہے کہ يوکرينی صدر وولوديمیر زیلنسکی بھی خطاب کريں۔ ايسی اطلاعات ہيں کہ امريکی صدر جو بائيڈن اس اجلاس ميں روس کے خلاف تازہ پابنديوں کی تجويز سامنے رکھنے والے ہيں۔
جی سيون کا يہ اجلاس آٹھ مئی کو ہو رہا ہے۔ روايتی طور پر اس دن کو دوسری عالمی جنگ کے خاتمے اور سابق جرمن نازی فورسز کی شکست کے ليے ياد رکھا جاتا ہے۔ روس ميں بھی اس سلسلے ميں تقريبات منعقد ہوتی ہيں۔ فوری طور پر يہ واضح نہيں کہ آيا روسی صدر ولاديمير پوٹن اس موقع کو کيسے استعمال کريں گے۔ انہوں نے 24 فروری کو يوکرين پر حملہ يہی کہہ کر کيا تھا کہ وہ اس ملک کو 'نازيوں سے پاک‘ بنانا چاہتے ہيں۔ البتہ يوکرين نے ابھی تک سخت مزاحمت کا مظاہرہ کيا ہے۔
ماريوپول کے اسٹیل پلانٹ میں پھنسے شہريوں کو نکال لیا گیا
دريں اثناء مايوپول سے اطلاعات موصول ہو رہی ہيں کہ آزوفسٹال اسٹيل پلانٹ ميں پناہ لينے والے تقريباً تمام سویلین افراد کا انخلاء مکمل ہو چکا ہے۔ يوکرينی نائب وزير اعظم ارینا ویرشچک کا کہنا تھا کہ اس طرح انسانی بنیادوں پر کیا جانے والا یہ آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ ان کے بقول خواتين، بچے اور بزرگوں کو نکال ليا گيا ہے تاہم يہ واضح نہيں کہ مرد وہاں ہيں يا نہيں۔ يہ ريسکيو آپريشن تعطل کا شکار بھی رہا مگر بين الاقوامی امدادی تنظيموں، روس اور يوکرين کے اشتراک سے انخلاء کا عمل اب مکمل ہو چکا ہے۔
يوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے بھی گزشتہ شب اپنے خطاب میں تصدیق کی کہ آزوفسٹال اسٹیل پلانٹ سے 300 سویلین افراد کو نکالا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں پھنسے زخمیوں اور طبی عملے کو نکالنے اور روسی فورسز کے گھیرے میں آئے ہوئے ماریوپول کے شہریوں کے انخلاء کے لیے محفوظ راستے مہیا کرنے کی کوشش جاری ہے۔
مذکورہ اسٹيل مل ميں پناہ لينے والے گزشتہ چند دنوں سے ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔ ان کی کئی ويڈيو سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر آتی رہيں۔ ماريوپول چار لاکھ کی آبادی والا شہر تھا مگر روس حملوں سے اب يہ شہر برباد ہو چکا ہے۔
اسٹيل پلانٹ سے يوکرينی شہريوں کے انخلاء کے ساتھ ماريوپول پر روس کا قبضہ مکمل ہو گيا ہے۔ روس کی کوشش تھی کہ آٹھ مئی کو 'وکٹری ڈے‘ تک يہ مکمل ہو جائے۔
ع س / ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)