1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانوں کی اسمگلنگ: دلیر مہندی کو دو سال قید کی سزا

16 مارچ 2018

بھارت کے معروف گلوکار دلیر مہندی کو انسانوں کی اسمگلنگ کے ایک مقدمے میں دو سال کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تاہم عدالت نے دلیر مہندی کی ضمانت کی درخواست بھی منظور کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2uSA1
Indien Sänger Daler Mehandi
تصویر: Getty Images/AFP/STR

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق  بھارت کے پنجابی گلوکار دلیر مہندی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ کو انسانوں کی اسمگلنگ کا الزام ثابت ہونے پر پٹیالہ کی ایک عدالت نے دو برس قید کی سزا سنائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق  دلیر مہندی پر انسانوں کی اسمگلنگ کا یہ مقدمہ سن 2003ء میں درج کیا گیا تھا۔

دلیر مہندی اور ان کے آنجہانی بھائی شمشیر سنگھ پر الزام عائد تھا کہ وہ بھاری رقم کے عوض لوگوں کو اپنے گروپ میں شامل کرکے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرتے تھے۔ وہ مبینہ طور پر ان لوگوں سے رقم لے کر انہیں اپنے گروپ کا حصہ ظاہر کر کے اپنے بیرون ملک دوروں کے لیے ویزے لگواتے تھے۔

عدالت کے فیصلے کے بعد دلیر مہندی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔ اس ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنے بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا اور مقدمے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ چودہ سال پرانا ہے اور وہ اس فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ میں اپیل کریں گے۔

بھارت کے صوبہ پنجاب کے شہر پٹیالہ کی عدالت نے دلیر مہندی کو دو برس قید کی سزا سنانے کے بعد ان کی ضمانت کی درخواست بھی منظور کر لی ہے۔

دلیر مہندی کو سن 1990ء کی دہائی میں اپنے پنجابی گیتوں کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی تھی۔ وہ بالی ووڈ کی کئی فلموں کے لیے بھی گیت گا چکے ہیں۔