1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنجے دت کی سزا ختم، جیل سے رہا

عابد حسین25 فروری 2016

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کو آج پونے کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ ان کو ممنوعہ اسلحہ رکھنے کے جرم میں پانچ برس کی قید سزا سنائی گئی تھی لیکن اچھے چلن پر وہ تقریباً چار برس بعد ہی رہائی پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1I1UE
تصویر: Eros International

سنجے دت جمعرات کے روز مغربی بھارتی شہر پونے کی سخت سکیورٹی والی یرواڈا سینٹرل جیل سے رہا کر دیے گئے۔ انہوں نے جیل سے رہائی پانے کے بعد سب سے پہلے زمین کو بوسہ دیا اور پھر جیل کو الوداعی سلام کیا۔ رہائی کے بعد وہ ایک موٹر کار میں بیٹھ کر پونے کے ہوائی اڈے کی جانب روانہ ہوئے۔ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چھپن سالہ سنجے دت نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں اور رشتے داروں کی نیک تمناؤں اور خاص دعاؤوں کے نتیجے میں رہائی پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل سے رہائی اتنی آسانی سے نہیں ہوتی۔

سنجے دت کو سن 2006 میں ممنوعہ اسلحہ رکھنے کے جرم میں چھ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ عدالت میں استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سنجے دت کو یہ ممنوعہ اسلحہ سن 1993 کے ممبئی بم دھماکوں میں ملوث جرائم پیشہ گروہ نے فراہم کیا تھا۔ انہوں نے سن 2007 میں ڈیڑھ برس کی قید کاٹی تھی کہ اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر ہونے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیے گئے۔ مارچ سن 2013 میں بھارتی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کی سزا کا فیصلہ بحال رکھتے ہوئے اُن کی آخری اپیل کو بھی مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ نے اپیل خارج کرتے ہوئے یہ کرم اُن پر کیا کہ سزا میں ایک سال کی کمی کرتے ہوئے قید کی مدت چھ کے بجائے پانچ برس کر دی۔

سپریم کورٹ سے اپیل خارج ہونے کے بعد سنجے دت دوبارہ جیل پہنچا دیے گئے تاکہ وہ پانچ برس سزا کے بقیہ ساڑھے تین سال جیل میں گزار سکیں۔ اب اُن کو اچھے چال چلن اور برتاؤ کے تناظر میں آٹھ ماہ قبل رہائی دے دی گئی ہے۔ بھارت کے سرگرم سماجی کارکنوں نے بالی ووڈ کے اداکار کی قبل از وقت رہائی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ۔ اُن کے مطابق سنجے کو جیل میں خصوصی مراعات حاصل تھیں اور ایسے میں یہ ضروری تھا کہ وہ اپنی سزا کی مکمل مدت پوری کرتے۔ یہ بھی اہم ہے کہ سزا مکمل کرنے کے دوران بھی وہ کئی مرتبہ اپنی ادھوری فلموں کی شوٹنگ کے لیے جیل سے باہر آتے رہے۔

Indien Sanjay Dutt Schauspieler Archivbild 2006
سنجے دت گرفتاری کے بعد سن 2006 میں جیل لائے جا رہے تھےتصویر: picture alliance/AP Photo

سنجے دت کی قبل از وقت رہائی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ میں بدھ کے روز ایک درخواست بھی دائر کی گئی۔ اِس درخواست میں اُن کی رہائی کو ماورائے قانون قرار دیا گیا۔گزشتہ روز یہ اپیل نیتن سَتپُوتے کی جانب سے دائر کی گئی۔ اپیل میں عدالتِ عالیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ سنجے دت کی سزا میں کی گئی کمی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں بقیہ مدت کے لیے دوبارہ جیل بھیج دیا جائے یا پھر اُن قیدیوں کی سزاؤں میں بھی کمی کی جائے، جو سنجے دت جیسی شہرت اور فلم انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتے۔ دوسری جانب مہاراشٹر کی ریاستی حکومت کے وکلاء کا کہنا ہے کہ سنجے دت کی رہائی ایک معمول کی کارروائی ہے اور اِس میں کچھ بھی غیرمعمولی نہیں ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید