1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیبیا اور یورپ متحرک

عابد حسین
27 اگست 2017

چند یورپی ممالک کو غیرقانونی تارکین وطن کی مسلسل آمد کا سامنا ہے۔ انہیں یورپی ملکوں تک پہنچانے والے اسمگلروں کے خلاف یورپی ممالک نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2iuzT
Libyen spanische Patrouille überwacht Flüchlingsboot für eine Rettungsaktion
تصویر: picture-alliance/AA/M. Drinkwater

اٹلی کے وزیر داخلہ مارکو مِنیٹی نے لیبیا کے مختلف شہروں کے میئروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ مارکو مِننیٹی ہفتہ چھبیس اگست کو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پہنچے تھے۔ اُن کی آمد کا مقصد انسانی اسمگلنگ کی پرزور انداز میں حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ ان اسمگلروں کے خلاف رواں برس کے اوائل میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک مفاہمت پر دستخط ہو چکے ہیں اور اب اٹلی اُس کو عملی صورت دینے کی کوشش میں ہے۔

اٹلی میں ہزاروں تارکینِ وطن کا مظاہرہ

'یورپی یونین کی پالیسیوں نے مہاجرین کے لیے خطرات بڑھا دیے‘

اٹلی کی جانب مہاجرت کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ

تارکین وطن چند سو ڈالر میں ’غلاموں کی طرح‘ بکتے ہوئے

یہ امر اہم ہے کہ اٹلی میں اگلے برس ہونے والے پارلیمانی انتخابات کا سب سے اہم موضوع تارکین وطن  ہے۔ موجودہ حکومت الیکشن سے قبل ایسے مثبت اقدامات کرنے کی کوشش میں ہے کہ جو عوام کواُن کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب راغب کر سکیں۔ دوسری صورت میں دائیں بازو کی جماعتیں انتخابات میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔

چند لیبیائی شہروں کے میئروں کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں اقوام متحدہ کی یونٹی حکومت کے وزیر داخلہ العارف الخوجہ بھی شریک تھے۔ اس میٹنگ میں شمالی افریقی ملک کے چند شہروں میں ڈیرے ڈالے ہوئے انسانی اسمگلروں اور اُن کی کارروائیوں کو پوری طرح کنٹرول کی ضرورت کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ اطالوی وزیر داخلہ کا خیال ہے کہ لیبیا میں فعال انسانی اسمگلروں میں بعض منظم جرائم پیشہ گروہ ہیں، جو اس گھناؤنے عمل کو کاروبار بنائے ہوئے ہیں۔

Marco Minniti
اٹلی کے وزیر خارجہ مارکو مِنیٹیتصویر: picture alliance/AA/R.De Luca

اس میٹنگ میں تقریر کرتے ہوئے اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ لیبیا اور اِس کے قریبی ہمسایہ افریقی ملکوں کے نوجوانوں کو امید افزاء مستقبل کی ضرورت ہے اور وہ اپنی زندگیوں کو جرائم پیشہ تنظیموں کے حوالے مت کریں۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں لیبیا کے کوسٹ گارڈز کی تربیت کا سلسلہ بھی جاری ہے تا کہ وہ بھی سمندر میں فعال ہو کر انسانوں کو موت کے راستے پر روانہ ہونے سے بچا سکیں۔

لیبیا کی مختلف ساحلی پٹیاں اس وقت انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ غیر معروف اور انتہائی کم استعمال ہونے والے ساحلی مقامات سے انسانی اسمگلر افریقی ممالک کے تارکین وطن کو ناکارہ اور پلاسٹک کی کشتیوں پر سوار کر کے اٹلی، یونان اور اسپین کے ساحلی مقامات اور جزائر تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔