اُسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری پاکستان میں: CNN
18 اکتوبر 2010اِس عہدیدار نے امریکی ٹی وی چینل کو بتایا کہ القاعدہ کے یہ دونوں سربراہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں ایک دوسرے کے قریب واقع دو الگ الگ مکانوں میں چھپے ہوئے ہیں اور ایسا نہیں ہے کہ وہ ’کسی غار میں رہ رہے ہوں۔‘
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کی قیادت کافی حد تک آرام دہ زندگی بسر کر رہی ہے اور یہ کہ پاکستانی خفیہ اداروں کے کچھ ارکان کے ساتھ ساتھ مقامی باشندے بھی اُن کی حفاظت کر رہے ہیں۔ پاکستانی حکومت اِس طرح کی رپورٹوں کی بار بار تردید کرتی رہی ہے۔
گیارہ ستمبر 2001ء کے دہشت پسندانہ حملوں کے اصل ذمہ دار تصور کئے جانے والے سعودی شہری اُسامہ بن لادن، جن کے سر کی قیمت امریکہ نے 25 ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے، گزشتہ نو برسوں سے رُوپوش ہیں۔ سی این این کی وَیب سائٹ پر جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق ’نیٹو کے سرکردہ عہدیدار نے اِس امریکی مفروضے کی بھی تصدیق کی ہے کہ طالبان کے قائد ملا عمر گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستان میں کوئٹہ اور کراچی کے درمیان آتے جاتے رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیٹو کے اِس عہدیدار کا، جو افغانستان میں جاری فوجی کارروائی میں براہِ راست شریک ہے، نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ معاملہ بہت ہی حساس ہے۔
افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کو افغان، پاکستانی اور عرب عسکریت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہ بات گزشتہ کئی برسوں سے کہی جاتی رہی ہے کہ اُسامہ بن لادن ممکنہ طور پر یہیں چھپے ہوئے ہیں۔ 2001ء کے اواخر میں اُسامہ بن لادن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ افغانستان کے تورا بورا نامی علاقے میں موجود ہیں تاہم اِس علاقے میں امریکی فوج کی کارروائی کے بعد سے یہ سمجھا جاتا رہا ہے کہ وہ وہاں سے فرار ہو کر سرحد پار پاکستان میں رُوپوش ہو گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتہائی شمال مغربی پاکستانی علاقے چِترال سے لے کر افغان علاقے تورا بورا سے ملحقہ کرم وادی تک القاعدہ کے چوٹی کے دونوں رہنما گزشتہ کچھ برسوں کے دوران کئی سو مربع کلومیٹر کے علاقے میں نقل و حرکت کرتے رہے ہیں۔
امریکی جوائٹ چیفس آف سٹاف مائیک مولن نے رواں مہینے کے آغاز پر اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اُسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری کو کسی نہ کسی وقت ضرور یا تو پکڑ لیا جائے گا یا ہلاک کر دیا جائے گا اور یہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی۔ امریکہ نے مصر سے تعلق رکھنے والے ایمن الظواہری کے سر کی قیمت بھی 25 ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔
رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک