1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو اسٹار یورپ کی بدترین ریلوے آپریٹر کمپنی

14 دسمبر 2024

یوروپین فیڈریشن فار ٹرانسپورٹ اینڈ انوائرمنٹ کی ایک تازہ رپورٹ میں اٹلی کی ٹرینیٹالیا یورپ کی بہترین ریل آپریٹر کمپنی قرار دی گئی جبکہ یورو اسٹار اس درجہ بندی میں سب سے نیچے ہے، یعنی زیادہ کرایوں کا مطلب بہتر سروس نہیں۔

https://p.dw.com/p/4nyGA
مہنگی اور ناقابل بھروسہ
یورو اسٹار فرانس، برطانیہ، بیلجیم اور نیدرلینڈز کو جوڑنے والی ریل سروس تصویر: Aurelien Morissard/AP/picture alliance

ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کی یورپی فیڈریشن T&E ایک مرکزی لیکن غیر سرکاری ادارہ ہے، جو یورپ میں پائیدار بنیادوں پر ٹرانسپورٹ اور بہتر ماحولیات کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔ اس ادارے کی طرف سے حال ہی میں ایک تحقیق کرائی گئی، جس میں یورپ کی مختلف ریلوے سروسز یا ریل آپریٹر کمپنیوں کی کارکردگی کے موازنے کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی کہ اطالوی ریلوے سروس ٹرینیٹالیا (Trenitalia) یورپ کا بہترین ریل آپریٹر ہے جبکہ یورو اسٹار (Eurostar) اس درجہ بندی میں سب سے نیچے ہے۔ ٹی اینڈ ای کی اس تازہ ترین رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی کمپنی کی ٹرین ٹکٹوں کی زیادہ قیمتیں بہتر سروس کی ضمانت ہر گز نہیں ہوتیں۔

 

تنازعات میں اہم اور حساس املاک کو لاحق خطرات

 

مطالعاتی رپورٹ سے مزید کیا پتہ چلا؟

حال ہی میں جاری کردہ اس مطالعاتی رپورٹ کے نتائج کے مطابق اٹلی کی ریلوے سروس ٹرینیٹالیا یورپ کی بہترین ریلوے آپریٹنگ سروس ہے اور اپنے معیار کے اعتبار سے سرفہرست ہے۔ اس کے بعد سوئس ریل آپریٹر SBB اور پھر چیک جمہوریہ کی ریلوے کمپنی RegioJet کے نام آتے ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریا کی ریلوے کمپنی OBB چوتھے نمبر پر جبکہ فرانس کی ریلوے آپریٹنگ کمپنی SCNF پانچویں نمبر پر ہیں۔

یورپ ایکسپریس: یورپی ممالک کو ملانے والی برق رفتار ٹرینوں کا نظام

 

ہائی اسپیڈ  ٹرینیٹالیا معیاری اور مقبول
ٹرینیٹالیا (Trenitalia) یورپ کا بہترین ریل آپریٹر ہےتصویر: Manuel Romano/NurPhoto/picture alliance

ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کی یورپی فیڈریشن (T&E) کی  رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ Trenitalia اپنے سفری تجربے کے اعتبار سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے، SBB یورپ میں وقت کی سب سے زیادہ پابندی کرنے والی ریل کمپنی ہے جبکہ چیک جمہوریہ کی ریل کمپنی ریگیو جیٹ کی ٹکٹیں سب سے  سستی ہیں۔

یورو اسٹار کو اس کی کارکردگی کے اعتبار سے بدترین ریل آپریٹر قرار دیا گیا ہے۔ فرانس، برطانیہ، بیلجیم اور نیدرلینڈز کو جوڑنے والی  ریل سروس یورو اسٹار مہنگی اور ناقابل بھروسہ ہونے کی وجہ سے ٹی اینڈ ای کی درجہ بندی میں سب سے نیچے رکھی گئی ہے۔

یورو اسٹار انتہائی مہنگی

ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کی یورپی فیڈریشن کی اس رپورٹ کے مطابق یورو اسٹار کی سروس ''یورپی ٹرین سروسز کے اوسط فی کلومیٹر کرایوں سے تقریباً دوگنا مہنگی ہے لیکن اپنے قابل اعتماد ہونے کے اعتبار سے اس فہرست میں 14ویں نمبر پر ہے۔‘‘

چیک جمہوریہ کی ریلوے کمپنی RegioJet تیسرے نمبر پر ہے
چیک جمہوریہ کی ریلوے کمپنی RegioJet کے پراگ، براٹسلاوا اور لبلیانا کے بیچ چلتی ہےتصویر: Nel Pavletic/PIXSELL/picture alliance

اس ریسرچ اسٹڈی میں ٹکٹوں کی قیمتوں، بھروسے اور بکنگ کے تجربے سمیت آٹھ معیارات کی بنیاد پر یورپ میں 27 ریل آپریٹر کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وقت کی پابندی کے اعتبار سے یورپی ٹرینیں ان دنوں اپنے بروقت ہونے کے لیے جدوجہد کرتی نظر آ رہی ہیں۔

لکسمبرگ اب ہر قسم کی فری پبلک ٹرانسپورٹ والا دنیا کا پہلا ملک

T&E کے جائزے کے مطابق یورپ کی تمام ریل کمپنیاں اپنی مسافر ریل گاڑیوں کی آمد اور روانگی کے مقررہ اوقات پر حقیقتاﹰ عمل درآمد کے لحاظ سے اپنی موجودہ کارکردگی اور اس کے تناسب کو بہت بہتر بنا سکتی ہیں۔

یہ نسل پرستی نہیں، ڈوئچے بان

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے، ''یورپ میں بڑی ریل آپریٹر کمپنیوں کا کم تر بھروسے کے قابل ہونا بدستور مایوس کن ہے۔ وقت کی پابندی کے اعداد و شمار کی حامل 25 ریل آپریٹر کمپنیوں میں سے صرف گیارہ کمپنیاں ہی 80 فیصد سے زیادہ حد تک پابندی وقت کی شرح حاصل کر پائیں۔‘‘

ڈوئچے بان اس مطالعاتی جائزے میں بھروسے کے اعتبار سے 25 ویں نمبر پر
جرمنی کی ڈوئچے بانتصویر: Sven Hoppe/dpa/picture alliance

یورپی کمیشن کے ایک سروے کے مطابق صرف 59 فیصد یورپی باشندے ریلوے سروس کے قابل اعتماد ہونے اور اس کی طرف سے پابندی وقت پر مطمئن ہیں۔ مزید یہ کہ ریلوے ٹکٹوں کی زیادہ قیمتیں بہتر سروس کی ضمانت بالکل نہیں دیتیں۔

لکسمبرگ نے بس اور ٹرین کا سفر مفت کر دیا

جرمنی کی بدنام ہو چکی ڈوئچے بان

ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر اور مسافر ریل گاڑیوں کی منسوخی کے لیے بدنام جرمنی کی ریل آپریٹر کمپنی ڈوئچے بان اس مطالعاتی جائزے میں بھروسے کے اعتبار سے 25 ویں اور مجموعی طور پر 16 ویں نمبر پر رہی۔ یورپ کی یہ سب سے بڑے ریل آپریٹر کمپنی ٹکٹوں کی قیمت کے اعتبار سے بھی خراب درجہ بندی پر ہے۔

یورپی نوجوانوں کے لیے ٹرین کا سفر مفت

ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کی یورپی فیڈریشن نے اپنے جائزے سے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا ہے، ''سفر کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کے زیادہ ہونے اور ریلوے سروس کے اعلیٰ معیار کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں۔‘‘

پاکستانی تارک وطن نوجوان کی ڈوئچے بان میں تربیت

ک م/ م م (ڈئی ڈبلیو)