ای ہیک جراثیم ہسپانوی کھیروں سے نہیں پھیلا: جرمن ادارے
1 جون 2011تاہم آج بُدھ کو برسلز میں ایک بیان دیتے ہوئے انہوں نے جرمنی اور دیگر ممالک میں متعدد اموات کا باعث بننے والے اس بیکٹیریا کے بارے میں غیر ضروری خوف و ہراس سے اجتناب برتنے کو کہا ہے۔ جرمنی کے مختلف تحقیقی اداروں میں ای ہیک بیکٹیریا کے اصل ذریعے کا پتہ لگانے کے لیے جاری تحقیقات کے نتائج ہنوز مبہم ہیں۔ جرمن شہر ہیمبرگ کے بازارمیں بکنے والے ہسپانوی کھیرے شمالی جرمنی میں مہلک بیکٹیریا ای ہیک کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہیں بنے ہیں۔ اس امر کا اعلان آج بُدھ کو خطرات کا اندازہ لگانے والے وفاقی جرمن ادارے BFR کے ایک ترجمان نے خبر رساں اداروں کو ایک بیان دیتے ہوئے کیا۔
چند روز قبل شمالی جرمن علاقوں میں معدے پر حملہ آور ہونے والے مہلک ای ہیک بیکٹیریاز کے پھیلنے کے بعد ابتدائی طور پر یہی کہا جا رہا تھا کہ اس کا منبع ہسپانوی کھیرے ہیں۔ اس سلسلے میں جرمنی کے متعدد ریسرچ اداروں نے ان کھیروں کے بارے میں تحقیق کی۔ اس کے نتائج سے یہ ثابت ہوا کہ ہیمبرگ میں جن ہسپانوی کھیروں پر تحقیق کی گئی اُن میں تیزی سے معدے کا مرض پھیلانے والا O104 طرز کا جرثومہ نہیں پایا گیا۔ تاہم ہیمبرگ کے یونیورسٹی کلینک کے علم جراثیم کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر ہولگر روہڈے اس بارے میں کہتے ہیں ’ دراصل صورتحال کچھ یوں ہے کہ اگر ہم اب تک جان جاتے کہ ای ہیک کا بیکٹیریا کہاں سے آیا ہے تو ہمیں اطمنان ہو جاتا، لیکن اس وقت تو ہم گویا اندھیرے میں ٹٹول کر راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔۔ دریں اثناء جرمنی کے میونسٹر یونیورسٹی کلینک نے ایک نئے ٹیسٹ کے ذریعے پتہ لگایا ہے کہ O104:H4 موذی جراثیم جو اسہال کا سبب بنتے ہیں، کھانے پینے کی اشیاء میں پائے جاتے ہیں۔ میونسٹر کے تحقیقی ادارے نے امید ظاہر کی ہے کہ اس ٹیسٹ کی مدد سے ای ہیک O104:H4 کی حامل اشیائے خوردنی کا پتہ چلانے میں مدد ملے گی اور انہیں جلد سے جلد مارکیٹ سے ہٹا دیا جا سکے گا۔
اُدھر میونسٹر کی یونیورسٹی کلینک کے مائیکرو بیالوجی کے شعبے سے منسلک ایک ماہر پروفیسر ڈاکٹر ہلگے کارخ نے اس امر کو بعید ازامکان قرار نہیں دیا کہ مہلک جراثیم ای ہیک O104:H4 کے پھیلاؤ میں انسانوں کا ہاتھ ہے۔ اُن کے بقول ’یہ بھی تو ممکن ہے کہ انسانی فضلہ کھانے پینے کی اشیاء کو آلودہ کرنے کا باعث بن رہا ہو۔‘
دریں اثناء یورپی یونین کے صحت کے امور کے کمشنر John Dalli نے میڈیا پر زوردیا ہے کہ وہ اس معاملے کو بے جا طریقے سے ہوا نہ دے۔ ساتھ ہی انہوں نے حفظان صحت کے اصولوں کا، خاص طور سے غذا کی تیاری میں صفائی کا خاص خیال رکھنے کی تاکید کی ہے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: امجد علی