1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران پاکستان سرحد پر باغیوں سے جھڑپ، چار ایرانی فوجی ہلاک

شمشیر حیدر6 جولائی 2016

ایرانی میڈیا کے مطابق پاک ایران سرحد پر باغیوں کے ساتھ ہونے والی ایک جھڑپ میں ایران کے چار سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے ہیں۔ باغیوں کا تعلق جیش العدل نامی تنظیم سے بتایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JKED
Iran Pakistan Hassan Rouhani zu Besuch in Islamabad
تصویر: picture-alliance/dpa/Pid

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی تہران سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ ایرانی صوبے سیستان اور پاکستان کے صوبہٴ بلوچستان کے مابین سرحد پر راسک نامی علاقے میں پیش آیا۔ ایران کے مقامی میڈیا اور سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹوں کے مطابق ان جھڑپوں میں ایران کے چار سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے ہیں تاہم ان جھڑپوں کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

گزشتہ مہینے بھی ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے بتایا تھا کہ پاکستانی سرحد کے قریب واقع خاش نامی ایرانی علاقے میں جیش العدل نامی دہشت گرد گروہ اور ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کے مابین جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اس واقعے میں جیش العدل کے پانچ شدت پسند مارے گئے تھے جب کہ ایک ایرانی پولیس آفیسر بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

ایران کا کہنا ہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان اور ایران کے صوبے سیستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں جیش العدل ملوث ہے۔ تہران حکومت یہ الزام بھی لگاتی ہے کہ اس جہادی تنظیم نے القاعدہ سے الحاق کر رکھا ہے، جس کے سیل مبینہ طور پر پاکستان میں موجود ہیں۔

علاوہ ازیں پاک افغان سرحد پر منشیات اور انسانوں کی اسمگلنگ میں ملوث جرائم پیشہ افراد بھی سرگرم ہیں، جن کی ایرانی سرحدی محافظوں کے ساتھ وقتاﹰ فوقتاﹰ جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

ایران کی نوّے فیصد آبادی شیعہ مسلمانوں کی ہے تاہم ملک میں سنی مسلمانوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ سنی مسلمانوں کی زیادہ تر تعداد سیستان بلوچستان کے علاقے کے علاوہ ایران کے شمال مشرقی صوبے کردستان میں آباد ہے۔

حالیہ عرصے کے دوران کردستان کے علاقے میں بھی شدت پسندوں اور ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کے مابین خونریز جھڑپیں دیکھی گئی ہیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق رواں برس جون کے وسط میں ہونے والی ایسی ہی جھڑپوں کے دوران 33 باغی اور ایرانی سکیورٹی اداروں کے چھ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید