ایران پر پابندیاں: امریکہ کا چین پر سفارتی دباؤ
11 جنوری 2012امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر ان دنوں چین کے دورے پر ہیں۔ وہ اپنے اس دورے کے دوران چینی قیادت کو ایران پر پابندیوں کے حوالے سے قائل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ آج بدھ کے روز انہوں نے چینی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران ایران پر پابندیوں کے حوالے سے امریکہ اور چین کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو کم کرنے کی کوشش جاری رکھی۔ نئی امریکی پابندیوں سے وہ غیر ملکی بینک بھی متاثر ہوں گے جو ایران کے سینٹرل بینک کے ساتھ لین دین رکھتے ہیں۔ اس مناسبت سے امریکی وزیر خزانہ کو شدید چینی مخالفت کا سامنا ہو سکتا ہے کیونکہ چین اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے بیس فیصد سے زائد خام تیل ایران سے خریدتا ہے۔ چین کئی بار ان پابندیوں کی مخالفت کر چکا ہے۔
نئی امریکی پابندیوں کے بعد چین کے نائب وزیر خارجہ چوئی تینکائی (Cui Tiankai) نے چین اور ایران کے تجارتی روابط کی مناسبت سے انتباہی بیان دیا تھا کہ چین کے تجارتی تعلقات کو ایرانی جوہری پروگرام کے ساتھ نتھی نہیں کیا جا سکتا اور اس حوالے سے چین جائز تحفظات رکھتا ہے اور چینی خواہشات کا احترام اہم ہے۔
ایک اور چینی اہلکار چین ژیاؤڈونگ (Chen Xiaodong) کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کسی فوجی تنازعے کا روپ دھارتی ہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہر چینی سفارت کار ژیاؤڈونگ کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس خطے میں جنگ کی صورت حال پیدا ہوئی تو اس کی لپیٹ میں کئی دوسرے ملک بھی آ سکتے ہیں اور جنگی صورت حال سے عالمی اقتصادیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر نے چین کے نائب صدر ژی جن پینگ (Xi Jinping) سے بھی ملاقات کی۔ ژی جن پینگ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اگلے سال چین کا منصب صدارت سنبھالیں گے۔ چینی نائب صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران امریکی وزیر خزانہ نے دنیا کی دوسری بڑی عالمی اقتصادی قوت چین کے ساتھ امریکہ تجارتی روابط میں مزید وسعت کا بھی اظہار کیا۔
چین کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ٹموتھی گائٹنر کل جمعرات کو جاپان پہنچیں گے۔ ٹوکیو میں قیام کے دوران امریکی وزیر خزانہ جاپانی وزیر اعظم یوشی ہیکو نودا (Yoshihiko Noda) اور وزیر خزانہ جُن ازومی (Jun Azumi) سے ملاقاتیں کریں گے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف