1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: یورپی یونین کے ایک سفارت کار کے خلاف مقدمہ شروع

10 دسمبر 2023

سویڈن سے تعلق رکھنے والے یورپی یونین کے ایک اہلکار پر ایرانی حکومت کی جانب سے جاسوسی کے الزام کے تحت مقدمہ شروع ہو گیا ہے۔ یہ بات یورپی یونین اور سویڈن کی وزارت خارجہ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4ZzZv
یوہان فلودیرس
تصویر: Amir Abbas Ghasemi/AFP

ایرانی رپورٹس کے مطابق 33 سالہ یوہان فلودیرس کو اپریل 2022 میں تہران کے ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایران کے ایک پرائیویٹ دورے کے بعد واپس جا رہے تھے۔ وہ اس وقت سے ایران کی بدنام زمانہ ایون جیل میں قید ہیں۔

دہشت گردی کے الزام میں ایرانی نژاد سویڈش شہری کو پھانسی

بیلجیم کا امدادی کارکن ایرانی جیل سے رہا

سویڈنبیلجیم کا امدادی کارکن ایرانی جیل سے رہا کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بِلسٹروم کے مطابق سماعت کے دوران سویڈن کے ایک اعلیٰ سفارت کار عدالت میں موجود تھے لیکن انہیں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سویڈن نے ایک بار پھر درخواست داخل کرا دی  ہے کہ آئندہ سماعت میں سویڈش نمائندے کو موجودگی کی اجازت دی جائے۔

ٹوبیاس بِلسٹورم کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ''یوہان فلودیرس کو حراست میں لینے کی ہی کوئی بنیاد نہیں، اس پر مقدمہ چلانا تو دور کی بات ہے۔ سویڈن اور یورپی یونین دونوں نے واضح طور پر ایران کے نمائندوں کے سامنے یہ بات کہی ہے۔‘‘

بلسٹروم نے مزید کہا کہ سویڈش حکام ''یوہان فلودیرس کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے پوری شدت سے کام کر رہے ہیں‘‘اور یہ کوشش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ یوہان فلودیرس کو رہا نہیں کیا جاتا اور  وہ وطن واپس نہیں آ جاتے۔

یوہان فلودیرس عدالتی کارروائی میں شریک ہوئے۔
ایران کی خفیہ سروس نے سب سے پہلے 2022 کے موسم گرما میں فلودیرس کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔تصویر: Amir Abbas Ghasemi/AFP

یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار جوزیپ بوریل نے بھی 2022 سے جیل میں قید یوہان فلودیرس کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

یورپی یونین کے مطابق، فلودیرس افغانستان کے لیے ذمہ دار خارجہ سروس ٹیم کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل وہ سویڈش یورپی یونین کمشنر یلوا جوہانسن کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔

ایران کی خفیہ سروس نے سب سے پہلے 2022 کے موسم گرما میں فلودیرس کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی، لیکن اس کی شناخت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔ اس کی طرف سے بس اتنا بتایا گیا کہ ایک شخص کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ اس نے ایک سیاح کے طور پر کئی بار ملک کا دورہ کیا تھا۔ اس معاملے میں مخصوص الزامات بھی ابتدائی طور پر معلوم نہیں تھے۔

خیال رہے کہ فلودیرس کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی جب سویڈن اور ایران کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ تہران سویڈش شہری حامد این کی رہائی کا مطالبہ کر رہا ہے، جو ایران میں سیاسی قیدیوں کو بڑے پیمانے پر پھانسی دینے میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت سویڈن میں عمر قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔

پھانسی کے پھندے کی علامتی تصویر
رواں برس مئی میں ایرانی عدلیہ نے ایرانی حکومت کے مخالف سویڈش نژاد شخص کو سزائے موت دے دی تھی جس پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کا الزام تھا۔تصویر: Allison Bailey/NurPhoto/picture alliance

رواں برس مئی میں ایرانی عدلیہ نے ایرانی حکومت کے مخالف سویڈش نژاد شخص کو سزائے موت دے دی تھی جس پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کا الزام تھا۔ ایک اور دوہری شہریت رکھنے والے ڈاکٹر احمد ریسا جلالی کو بھی جاسوسی کے الزام میں ایران میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

ایران میں قید بیلجیم کے ایک امدادی کارکن کو ایک سال سے زائد عرصے کے بعد مئی میں قیدیوں کے متنازعے تبادلے میں رہائی ملی تھی۔ 

اس کے بدلے ایرانی سفارت کار اسد اللہ اسدی، جنہیں دہشت گردی کے الزامات میں سزا سنائی گئی تھی، کو رہا کر دیا گیا۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد ایران نے آسٹریا اور ایران کی دوہری شہریت رکھنے والے کامران غدیری اور مسعود مساحب کے ساتھ ساتھ ڈنمارک کے ایک شہری کو بھی رہا کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ رہائیاں بھی بیلجیم اور ایران کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کا حصہ تھیں تاہم اس کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

ایران میں سزائے موت کے قیدی، انصاف کے منتظر

ا ب ا/ک م (ڈی پی اے، اے ایف پی)