ایشیا کپ کرکٹ: پاکستان بنگلہ دیش سے بھی ہار گیا
2 مارچ 2016شیر بنگلہ اسٹیدیم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس ٹورنامنٹ میں اپنے اب تک دیگر میچوں کی طرح اس میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کے زیادہ تر اہم بلے باز کوئی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اتنی خراب تھی کہ اس نے پہلے دس اوورز میں صرف 32 رنز بنائے اور اس کے متعدد اہم کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اوپنر خرم منظور صرف ایک، شرجیل خان 10، محمد حفیظ دو اور عمر اکمل محض چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کو کسی حد تک سنبھالا سرفراز احمد اور شعیب ملک نے دیا۔ شعیب 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جن کے بعد کپتان شاہد آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی انور علی تھے، جنہوں نے نو گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بلے باز وکٹ کیپر سرفراز احمد رہے، جنہوں نے 42 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس سے قبل سرفراز احمد اور شعیب ملک کی پارٹنرشپ میں پاکستان نے 70 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے کامیاب بولر الامین رہے، جنہوں نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ عرفات سنی نے دو وکٹیں جبکہ تسکین احمد اور مشرف مرتضیٰ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان کی طرف سے جیتنے کے لیے 130 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔ بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال دوسرے اوور میں محض سات رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ تاہم اس کے بعد بنگلہ دیشی بلے بازوں نے کافی جم کر بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کی نصف اننگز (دس اوورز) پوری ہونے تک ٹیم کا اسکور دو وکٹوں پر 65 رنز تک پہنچا دیا۔
بنگلہ دیشی اننگز کی خاص بات سومیہ سرکار کی شاندار اننگز تھی۔ انہوں نے 48 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے اور محمر عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد شعیب ملک نے مشفق الرحمان کو 12 کے ذاتی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ تب تک 16 ویں اوور کے آغاز پر بنگلہ دیش نے چار وکٹوں پر 91 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد اٹھارویں اوور میں بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ اس وقت گری، جب محمد عامر نے شکیب الحسن کو آؤٹ کر دیا۔
بعد ازاں یہ میچ مزید دلچسپ مرحلے میں داخل ہوا لیکن محمد سمیع کے نو بالز پر بننے والے اسکور نے میچ کا پانسہ واپس بنگلہ دیش کے حق میں پلٹ دیا۔ محمد سمیع نے انیسویں اوور میں پندرہ رنز دیے۔ آخری اوور کی پہلی گیند پر بنگلہ دیشی کھلاڑی نے چوکا لگا کر یہ میچ جیت لیا، اس وقت بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف تین رنز درکار تھے۔
بھارتی ٹیم پہلے ہی اس ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ چھ مارچ کو اس کا فائنل میں مقابلہ اب بنگلہ دیش ہی سے ہو گا کیونکہ بنگلہ دیشی ٹیم کے پاکستان کے ساتھ میچ سے پہلے تک چار پوائنٹس تھے جو میزبان ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد چھ ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں تین میچ کھیلے ہیں، جن میں وہ صرف دو پوائنٹس حاصل کر سکی ہے۔