ایشین گیمز: ہاکی کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست
2 اکتوبر 2014اس طرح سولہ برسوں کے بعد بھارت ایک مرتبہ پھر ایشین گیمز کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت 2016ء میں ریو ڈی جینیرو میں ہونے والے اولمپیائی کھیلوں میں شرکت کے لیے بھی کوالیفائی کر گیا ہے۔
ہاکی کا يہ ميچ مقررہ وقت کے اختتام پر ايک ايک گول سے برابر تھا۔ ميچ کے آغاز پر تيسرے ہی منٹ کے کھيل ميں محمد رضوان نے ايک گول اسکور کر کے پاکستان کو برتری دلا دی۔ تاہم ستائيسويں منٹ ميں بھارت کے ليے کوٹھ جيت سنگھ نے گول کر کے ميچ برابر کر ديا۔ بعد ازاں پنلٹی شُوٹ آؤٹ ميں بھارتی گول کيپر پرتھو سريجيش اپنی ٹيم کے ليے ہيرو ثابت ہوئے۔ وہ پاکستانی کھلاڑيوں کی طرف سے لگائی جانے والی دو پنلٹيز کو روکنے ميں کامياب رہے۔ مجموعی طور پر بھارت نے پنلٹی شُوٹ آؤٹ ميں چار گول کيے جبکہ پاکستانی ٹيم صرف دو گول ہی کر پائی۔
سن 1998 ميں تھائی لينڈ کے دارالحکومت بنکاک ميں کھيلے جانے والے ايشيائی کھيلوں ميں سونے کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد بھارتی ٹيم نے اب کہيں جا کر دوبارہ ايشيائی کھيلوں ميں پہلی پوزيشن حاصل کی ہے۔ مجموعی طور پر ايشيائی کھيلوں ميں بھارت کا يہ تيسرا گولڈ ميڈل ہے۔
روايتی حريف پاکستان اور بھارت ايشين گيمز ميں ہاکی کے فائنل ميچ ميں بتيس برس بعد ايک دوسرے کے خلاف ميدان ميں اترے تھے۔ اس ميچ کو ديکھنے کے ليے سيون ہاک اسٹيڈيم ميں قريب چار ہزار شائقين موجود تھے۔
پاکستانی ٹيم پہلے ہی ہاکی کے آئندہ ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے کیونکہ وہ کواليفائی نہ کر سکی تھی۔ اب 2016ء میں ریو ڈی جینیرو میں ہونے والے اولمپیائی کھیلوں میں شرکت کے لیے بھی پاکستان کو ايک دشوار گزار کواليفائنگ مرحلے سے گزرنا ہو گا۔
قبل ازيں تيسری پوزيشن کے ليے کھيلے جانے والے ميچ ميں ميزبان جنوبی کوريا نے ملائيشيا کی ٹيم کو دو کے مقابلے ميں تين گول سے شکست ديتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر ليا تھا۔