ایک اور بھارتی مسافر طیارے کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ
17 جولائی 2022نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں میں بھارتی خبر رساں اداروں کے حوالے سے آج اتوار سترہ جولائی کو بتایا گیا کہ انڈیگو کی یہ مسافر پرواز متحدہ عرب امارات میں شارجہ سے جنوبی بھارتی شہر حیدر آباد جا رہی تھی کہ پائلٹ کو کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔ گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ کسی بھارتی مسافر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی میں اترنا پڑا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستان میں کسی بھارتی مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے اس دوسرے واقعے کے بارے میں لکھا ہے کہ انڈیگو نے اس واقعے کی تصدیق تو کر دی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا۔
مسافروں کو واپس لانے کی تیاری
انڈیگو کی طرف سے میڈیا کے لیے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''انڈیگو کی فلائٹ 6E-1406 جو شارجہ سے حیدر آباد جا رہی تھی، اس کی رخ موڑ کر کراچی کی طرف کرنا پڑ گیا۔ اس سے قبل اس جہاز کے پائلٹ نے طیارے میں ایک تکنیکی خرابی کا پتہ چلایا تھا۔‘‘
بھارتی طیارے کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ
بیان کے مطابق، ''اس واقعے میں ضروری طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ہر قسم کے احتیاطی اقدامات کیے گئے تھے اور پھر احتیاطی طور پر ہی اس مسافر ہوائی جہاز کا رخ کراچی کی طرف کر دیا گیا۔‘‘
بعد ازاں انڈیگو کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ کمپنی ایک اضافی پرواز کراچی بھیجنے کی تیاریاں کر رہی ہے، تاکہ وہاں موجود مسافروں کو جنوبی بھارتی شہر حیدر آباد لایا جا سکے۔
گزشتہ ایمرجنسی لینڈنگ
حال ہی میں اپنی نوعیت کے اس دوسرے واقعے سے قبل کسی بھارتی مسافر طیارے کی پاکستان کے اسی جنوبی بندرگاہی شہر میں ایمرجنسی لینڈنگ کا صرف 12 دن پہلے پہلا واقعہ پانچ جولائی کو پیش آیا تھا۔ تب اسپائس جیٹ نامی بھارتی ایئر لائن کی نئی دہلی سے دبئی جانے والی ایک مسافر پرواز کو بھی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑ گئی تھی۔
ایئر انڈیا کے پائلٹ کا الکوحل ٹیسٹ مثبت، لائسنس معطل
یہ طیارہ بوئنگ 737 طرز کا ہوائی جہاز تھا اور اس کے ایندھن کی نشاندہی کرنے والے نظام نے جزوی طور پر کام کرنا بند کر دیا تھا، جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پر کراچی ایئر پورٹ کے کنٹرول ٹاور سے وہاں اترنے کے لیے درخواست کر دی تھی۔
دیگر ممالک کی طرح بھارت میں بھی فضائی سفر کے شعبے کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث کئی طرح کی پابندیوں کا سامنا رہا ہے۔ اب لیکن ان پابندیوں کے خاتمے کے بعد بھارت میں اندرون ملک اور وہاں سے بین الاقوامی فضائی سفر کا رجحان دوبارہ بہت زیادہ ہو چکا ہے۔
م م / ک م (روئٹرز)