بالآخر آسٹریلیا میں پاکستان کے لیے جیت کا مزہ
15 جنوری 2017اتوار پندرہ جنوری کو کھیلے جانے والے اس ایک روزہ میچ میں پاکستان کی باؤلنگ بہت عمدہ رہی اور پاکستانی باؤلرز نے اُنچاس ویں اوور کی دوسری ہی گیند پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو دو سو بیس رنز کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔
وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے جنید خان نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی دو اپیلیں کیں، جو مسترد کر دی گئیں تاہم پھر جنید خان ہی کی ایک گیند پر وارنر سولہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اُن کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے لیا۔ اس طرح اکتیس کے اسکور پر آسٹریلیا کی پہلی وکٹ گر گئی۔
جنید خان کا دوسرا شکار آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ ہوئے۔ اُن کے بلّے سے ٹکرا کر سلپ کی جانب جانے والی گیند کو شرجیل خان نے بہت خوبصورت انداز میں کیچ کیا۔
اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے تجربے کے طور پر اپنے آل راؤنڈر مچل مارش کو اوپر کی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے بھیجا لیکن یہ تجربہ ناکام رہا اور وہ پہلی ہی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یہ وکٹ محمد عامر نے لی۔ تب اکتالیس کے اسکور پر ہی آسٹریلیا کے تین کھلاڑی پیویلین واپس جا چکے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کپتان اسٹیو اسمتھ نے کیا، جنہوں نے ساٹھ رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بالر محمد عامر رہے، جنہوں نے سینتالیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنید خان اور عماد وسیم نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹ حسن علی اور شعیب ملک کے بھی حصے میں آئی۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے اڑتالیس ویں اوور کی چوتھی گیند پر اور چار وکٹوں کے نقصان پر ہی دو سو اکیس کا مطلوبہ ہدف حاصل کرتے ہوئے یہ میچ جیت لیا۔ اس اسکور میں کپتان محمد حفیظ کے شاندار بہتّر رنز بھی شامل تھے۔
شرجیل خان اُنتیس، بابر اعظم چونتیس اور اسد شفیق تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک بیالیس اور عمر اکمل اٹھارہ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کامیاب آسٹریلوی باؤلرز سٹارک اور فاکنر رہے، جنہوں نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں پاکستان کی فتح سے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز اب ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔ تیسرا ون ڈے میچ اُنیس جنوری کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔