1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ اور منشیات: دیپیکا پڈوکون، دیگر اداکاراؤں سے تفتیش

26 ستمبر 2020

انسداد منشیات کے بھارتی محکمے کے حکام نے بالی وُڈ سپر سٹار دیپیکا پڈوکون اور دو دیگر اداکاراؤں سے پوچھ گچھ کی ہے۔ یہ تفتیش فلمی صنعت کی شخصیات کے منشیات کا کاروبار کرنے والے گروہوں سے مبینہ روابط کی چھان بین کا حصہ تھی۔

https://p.dw.com/p/3j2MC
بالی وُڈ سپر سٹار دیپیکا پڈوکون فلم ’پدماوتی‘ کی مرکزی اداکارہ کے روپ میںتصویر: picture alliance / Everett Collection

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حکام نے بتایا کہ دیپیکا پڈوکون سمیت بالی وُڈ کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی تین شخصیات سے آج ہفتہ چھبیس ستمبر کے روز کی گئی یہ پوچھ گچھ ملک کی اینٹی نارکوٹکس ایجنسی کی ان کوششوں کا حصہ تھی کہ آیا اس صنعت کی معروف شخصیات منشیات کا کاروبار کرنے والے جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے آج سب سے پہلے دیپیکا پڈوکون وہاں پہنچیں۔

انہیں اس پیشی کا حکم اسی ہفتے دیا گیا تھا، جب وہ مغربی بھارت کے ساحلی تعطیلاتی مقام گوآ میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔

Indien Bollywood Schauspieler Sushant Singh Rajput
بالی وُڈ کے معروف نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت جو اس سال جون میں ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئےتصویر: picture-alliance/Collection Christophel

شردھا کپور اور سارہ علی خان سے بھی پوچھ گچھ

بھارتی نیوز چینلز پر لائیو دکھائی جانے والی فوٹیج کے مطابق دیپیکا پڈوکون کے بعد دو دیگر اداکارائیں بھی اسی نوعیت کی پوچھ گچھ کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے دفتر پہنچیں۔ یہ دونوں اداکارائیں شردھا کپور اور سارہ علی خان تھیں۔

انسداد منشیات کے محکمے نے اس تفتیش کی فوری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم ایک بیان میں بس اتنا کہا گیا کہ نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے نوجوان بھارتی اداکارسشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بالی وُڈ کی فلمی صنعت میں منشیات سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت جون کے مہینے میں ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے۔ انہوں نے بظاہر خود کشی کی تھی لیکن ان کی موت اور اس میں منشیات کے مبینہ عمل دخل کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

اب تک درجن بھر فلمی شخصیات سے تفتیش

دیپیکا پڈوکون دنیا کی سب سے بڑی فلمی صنعتوں میں شمار ہونے والے بالی وُڈ کی ان ایک درجن سے زائد شخصیات میں شامل ہیں، جن سے بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بورڈ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پوچھ گچھ کر چکا ہے۔ آج ہفتے کو دیپیکا پڈوکون سے قبل کل جمعہ پچیس ستمبر کو پڈوکون کی مینیجر کرشما پرکاش سے بھی حکام نے تفتیش کی تھی۔

قبل ازیں بھارت کے ایک بہت کامیاب فلم ساز کرن جوہر نے کل جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں کہ ان کی طرف سے اپنی رہائش گاہ پر گزشتہ برس جولائی میں اہتمام کردہ ایک پارٹی میں منشیات استعمال کی گئی تھیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے گھر پر ہونے والی ایک ایسی پرانی پارٹی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر آ جانے کے بعد کہی، جس میں بہت سی انتہائی مشہور فلمی شخصیات شریک ہوئی تھیں۔

م م / ع آ (اے پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں