1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا دورہ بھارت

صلاح الدین زین
21 اپریل 2022

برطانوی وزیر اعظم برطانیہ اور بھارت کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کے کئی معاہدوں کے اعلانات کریں گے۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کے آشرم کا دورہ کرنے کے بعد ان کی تعریف بھی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4ABCl
England | Premierminister Boris Johnson
تصویر: Justin Ng/Avalon/Photoshot/picture alliance

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اپنے دو روزہ بھارتی دورے پر جمعرات کی صبح گجرات پہنچے اور سب سے پہلے ریاستی دارالحکومت احمد آباد کا دورہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنے دورے کے دوران بہت سارے تجارتی معاہدوں کا اعلان کریں گے، جس کا مقصد برطانیہ اور بھارت کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔

نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کی ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم جانسن اپنے دورہ بھارت کا استعمال دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کریں گے۔ ان کی کوشش ہے کہ برطانوی تاجروں کے لیے کاروباری رکاوٹیں کم ہو جائیں تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں اور ترقی ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "آج برطانیہ اور بھارتی کاروبار سافٹ ویئر اور انجینئرنگ سے لے کر صحت تک کے شعبوں میں ایک ارب پاؤنڈ سے زیادہ کی نئی سرمایہ کاری اور برآمدی سودوں کی تصدیق کریں گے۔ اس سے برطانیہ میں تقریباً 11,000 نئے روزگار پیدا ہوں گے۔"

برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا، "آج جبکہ میں بھارت پہنچ رہا ہوں، مجھے وہ وسیع امکانات نظر آ رہے ہیں جو ہمارے دونوں عظیم ملک مل کر حاصل کر سکتے ہیں۔ فائیو جی اور ٹیلی کام سے لے کر صحت میں تحقیق اور قابل تجدید توانائی میں نئی شراکت داریوں تک برطانیہ اور بھارت دنیا کی قیادت کر رہے ہیں۔"

ان کا مزید کہنا تھا، "ہماری یہ طاقتور پارٹنرشپ، ہمارے لوگوں کے لیے ملازمتیں، ترقی اور مواقع فراہم کر رہی ہے، اور یہ آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔"

جانسن - مودی ملاقات

اطلاعات کے مطابق بورس جانسن جمعرات کو احمد آباد میں پہلے گجرات کے معروف تاجروں سے ملاقات کریں گے جس میں اڈانی گروپ کے گوتم اڈانی کا نام سر فہرست ہے۔ وہ اس وقت بھارت کی امیر ترین شخصیت ہیں اور دنیا کے چند امیر ترین لوگوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ اڈانی گروپ کا اصل دفتر احمد آباد میں ہی واقع ہے۔

22 اپریل جمعے کے روز برطانوی وزیر اعظم نئی دہلی میں ہوں گے جہاں ان کی ملاقات بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ہونی ہے۔ اس موقع پر کئی گھریلو اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کی توقع ہے۔ خاص طور پر یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں، بھارت نے جو موقف اپنایا ہے اس پر مغربی ممالک کو تشویش لاحق ہے۔

گاندھی جی کی تعریف

بورس جانسن دارالحکومت دہلی کے بجائے جمعرات کی صبح گجرات کی ریاست احمد آباد میں اترے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہوٹل پہنچنے کے بعد انہوں نے سابرمتی میں واقع مہاتما گاندھی کے آشرم کا دورہ کیا اور وہاں چرخہ کاتنے کی بھی کوشش کی۔ 

اس موقع پر برطانوی وزیر اعظم نے گاندھی جی کی تعریف میں کہا،  "اس غیر معمولی آدمی کے آشرم میں آنا، اور یہ سمجھنا کہ اس شخص نے سچائی اور عدم تشدد کے اتنے سادہ اصولوں کو دنیا کو بہتر بنانے کے لیے کیسے استعمال کیا، واقعی ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔"

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید